پنجاب پولیس ملازمین اور اہلخانہ کے علاج کیلئے 34 لاکھ 50 ہزار روپے سے زائد کے فنڈز جاری

جمعرات 26 جون 2025 22:10

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 26 جون2025ء) انسپکٹر جنرل پولیس پنجاب ڈاکٹر عثمان انور فورس اور ان کے اہل خانہ کی بہترین ہیلتھ ویلفیئر کیلئے پرعزم، پولیس ملازمین اور ان کے اہلخانہ کے علاج معالجے کیلئے مزید 34 لاکھ 50 ہزار روپے سے زائد فنڈز جاری کر دیئے۔ ترجمان پنجاب پولیس نے بتایا کہا کہ ریٹائرڈ کانسٹیبل محمد اقبال کو جگر کے ٹرانسپلانٹ کیلئے 10 لاکھ روپے اور ٹریفک وارڈن فرحان پرویز کو گردوں کے علاج معالجے کیلئے 10 لاکھ روپے دیئے گئے۔

اسی طرح کانسٹیبل ضیاء اللہ کو میجر سرجری کیلئے 05 لاکھ روپے ، ہیڈ کانسٹیبل عرفان شاہد کو کینسر کے علاج کیلئے اڑھائی لاکھ روپے، سب انسپکٹر اورنگزیب کو عارضہ قلب کے علاج معالجے کیلئے 02 لاکھ روپے، اے ایس آئی محمد احسان، ہیڈ کانسٹیبل قمرالدین و کانسٹیبل دلدار سبحانی کو علاج معالجے کیلئے 01 لاکھ روپے فی کس، ریٹائرڈ کانسٹیبل اصغر علی اور کانسٹیبل فرحت عباس کو علاج معالجے کیلئے مجموعی طور پر 02 لاکھ روپے فنڈز جاری کیے گئے۔

(جاری ہے)

ترجمان نے مزید بتایا کہ آئی جی پنجاب نے میڈیکل فنانشل اسسٹنس کمیٹی کی سکروٹنی کے بعد فنڈ اجرا کی منظوری دی۔ آئی جی پنجاب نے کہا کہ مختلف طبی اداروں کے ساتھ ایم او یوز کے ذریعے بھی ملازمین کو علاج معالجے کی بہترین سہولیات فراہم کر رہے ہیں۔