پنجاب کے مختلف علاقوں میں بارش،آئی جی کی پولیس فورس کو امدادی سرگرمیوں میں بھرپور شرکت کی ہدایت

جمعہ 27 جون 2025 00:00

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 27 جون2025ء) انسپکٹر جنرل پولیس ڈاکٹر عثمان انور نے لاہور سمیت پنجاب کے مختلف علاقوں میں بارشوں کے دوران پنجاب پولیس کے افسران و جوانوں کو الرٹ اور امدادی سرگرمیوں میں بھرپور شرکت کی ہدایت کی ہے۔ ترجمان کے مطابق انھوں نے کہا کہ پولیس افسران و اہلکار بارش سے متاثرہ علاقوں میں مزید مستعد ہو کر ڈیوٹی سر انجام دیں،ٹریفک وارڈنز شاہراہوں پر ٹریفک کی روانی برقرار رکھنے میں کردار ادا اورسپروائزری پولیس افسران بارش زدہ علاقوں میں امدادی سرگرمیاں خود مانیٹر کریں۔

آئی جی نے کہا کہ پنجاب پولیس ریسکیو اینڈ ریلیف سرگرمیوں کے حوالے سے پی ڈی ایم اے، ضلعی انتظامیہ اور ریسکیو اداروں سے مسلسل رابطے میں ہے،پنجاب پولیس کے کنٹرول رومز سے بھی بارش سے ہونے والے نقصانات کی تفصیلات حاصل کی جا رہی ہیں۔

(جاری ہے)

آئی جی پنجاب نے افسران کو ہدایت کی کہ خود فیلڈ میں ریسکیو اینڈ ریلیف سرگرمیوں کا جائزہ لیں، پولیس افسران و اہلکار لاہور سمیت بارش سے متاثرہ سڑکوں سے نکاسی آب میں واسا اور دیگر اداروں کی مدد کر رہے ہیں،بارش کی وجہ سے متاثرہ شہریوں کو ریسکیو کرنے میں متعلقہ اداروں کی بھرپور معاونت کی جا رہی ہے۔

ڈاکٹر عثمان انور نے کہا کہ مزید بارش کے امکانات کے پیش نظر پولیس افسران اور اہلکار انتہائی الرٹ رہیں اور کسی بھی ہنگامی صورتحال میں فوری ریسپانڈ کریں۔