Live Updates

بانی پی ٹی آئی کو کوئی مائنس کر ہی نہیں سکتا، جاوید ہاشمی

ملک میں آئین کی بالادستی ہوگی تو ملک چلے گا، عمران خان رہائی نہیں رول آف لا مانگ رہا ہے ، میڈیا سے گفتگو

جمعہ 27 جون 2025 02:30

راولپنڈی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 27 جون2025ء)سینئر سیاستدان جاوید ہاشمی نے کہا ہے کہ بانی پی ٹی آئی کو کوئی مائنس کر ہی نہیں سکتا،ملک میں آئین کی بالادستی ہوگی تو ملک چلے گا، عمران خان رہائی نہیں رول آف لا مانگ رہا ہے ۔اڈیالہ جیل کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے جاوید ہاشمی نے کہا کہ میں بانی پی ٹی آئی سے اظہار یکجہتی کیلئے اڈیالہ جیل آیا ہوں، یہاں آیا تو آگے پولیس کھڑی کردی گئی ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی کے موقف کو درست سمجھتا ہوں، ملک میں آئین کی بالادستی ہوگی تو ملک چلے گا، عمران خان رہائی نہیں مانگ رہا وہ رول آف لا مانگ رہا ہے۔جاوید ہاشمی نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی کو اس وقت چھوڑا تھا جب وہ جرنیلوں کے قریب ہوگئے تھے۔انہوں نے کہا کہ ملک میں کوئی سیاسی بندہ رہ ہی نہیں گیا، کون سی پارٹی ہے جس کو سیاسی پارٹی کہا جائے، جو آئین اور جمہوریت کی بات نہیں کرتا وہ سیاست نہیں کر رہا۔ جاوید ہاشمی نے کہا کہ میں نہ پی ٹی آئی کے ساتھ ہوں نہ پی ٹی آئی میں ہوں۔
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات