مظفرآباد، اوپن نیلامی سے محکمانہ ریونیومیں بڑا اضافہ متوقع

ر شہری من پسند اور اپنے استطاعت کے مطابق بولی لگائے گا اور لکڑی بآسانی خرید سکے گا

جمعہ 27 جون 2025 14:35

مظفرآباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 27 جون2025ء) 7 جولائی کو مظفرآباد اور 8 کو نیلم ویلی محکمہ جنگلات کے زیر اہتمام تقریباً 2 لاکھ مکعب فٹ ازقسم دیودار، کائل، فر کی نیلامی کے لئے ٹینڈر نگ ہوگی، تاہم مظفرآباد اور نیلم کے شہریوں نے اس نیلامی کو ٹھیکیداروں کے شکنجے سے نکالنے کے لئے اوپن بولی کا مطالبہ کردیا، شہریوں کا کہناہیکہ ٹھیکیداروں نے پہلے سے معاملات اور ریٹ طے کئے ہوتے ہیں جو اثر رسوخ والے ہونے کے ساتھ ساتھ محکمہ جنگلات کے عملہ کے ساتھ ملکر ساری قیمتی لکڑی اٹھا لیتے ہیں اور عام شہریوں کو تعمیرات کے لئے لکڑی مہیا نہیں ہو پاتی، لہذا وزیراعظم آزاد کشمیر،وزیر جنگلات اکمل سرگالہ، چیف سیکرٹری، سیکرٹری جنگلات اس اہم نوعیت کے معاملہ پر عملدرآمد کے لئے احکامات صادر کریں، اس سے قبل ہمیشہ ہونے والی نیلامیوں میں ہمیشہ ٹھیکیداروں کو نوازا گیا، ٹھیکیداروں کے لئے الگ کوٹہ ہونا چاہیے اور عام شہریوں کے لئے الگ، شہریوں کے مطابق اوپن نیلامی سے محکمانہ ریونیومیں بڑا اضافہ متوقع ہے اور ہر شہری من پسند اور اپنے استطاعت کے مطابق بولی لگائے گا اور لکڑی بآسانی خرید سکے گا، اس کے علاوہ آزاد کشمیر کے باہر سے آنے والے ٹھیکیدار بھی اوپن بولی سے فائدہ اٹھا سکتے ہیں اور کسی بھی من پسند کو نوانے کا پلان بھی فلاپ ہو جائے گا۔

(جاری ہے)

اس نیلامی میں اصل ڈراپ سین کا معاملہ سامنے نہیں آ سکا کہ یہ نیلامی ایک ماہ قبل ہونا تھی، عدالت سے حکم امتناعی حاصل کرنے کی بناء پر نیلامی کا عمل روکا گیا اور اچانک حکم امتناعی واپس لینے کے بعد نیلامی کی نئی تاریخ کا اعلان کردیا گیا ہے جو دال میں کچھ کالا ہونے کا آشارہ ہے۔