سکھر چیمبر کے وفد کی ریلوے حکام سے ملاقات ، سکھر ایکسپریس سے متعلق مسائل پر مطالبات اور تجاویز پیش کیں

جمعہ 27 جون 2025 16:30

سکھر (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 27 جون2025ء) سکھر چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے وفد کی پاکستان ریلویز کے اعلیٰ حکام سے ملاقات ، سکھر ایکسپریس سے متعلق مطالبات اور تجاویز پیش کی گئیں ۔ سکھر چیمبر کے سیکرٹری جنرل محمد نعمان آرائیں کے مطابق سکھر چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے وفد نے پاکستان ریلویز حکام سے اہم ملاقات کی ۔ وفد میں کنوینر ریلوے کمیٹی خورشید اعظم شمسی، ڈپٹی کنوینر عبدالغفار میمن، اراکین کاشف حسین قاضی، محمد زاہد جاوید، ناظم الدین شیخ اور عبدالصمد فاضلانی شامل تھے جبکہ پاکستان ریلویز کی نمائندگی ڈویژنل سپریٹنڈنٹ، ڈپٹی ڈویژنل سپریٹنڈنٹ سکھر اور اسسٹنٹ ڈائریکٹر ریلویز لینڈ ریونیو نے کی۔

اجلاس کے دوران وفد نے سکھر ایکسپریس (اپ) ٹرین کی سکھر سے روانگی کا وقت رات 10:30 مقرر کرنے اور ڈاؤن ٹرین کے موجودہ شیڈول پر سختی سے عملدرآمد یقینی بنانے پر زور دیا۔

(جاری ہے)

ٹرین کی کارکردگی اور وقت کی پابندی کو بہتر بنانے کے لیے غیر ضروری اور غیر منافع بخش سٹاپوں کو ختم کرنے، تمام بوگیوں کی مرمت اور ناقابل مرمت بوگیوں کی جگہ نئی بوگیاں فراہم کرنے، سکھر ایکسپریس کے لیے مستقل بوگیاں مختص کرنے اور ان بوگیوں کو دیگر ٹرینوں سے منسلک نہ کرنے کا مطالبہ کیا گیا۔

مزید برآں، وفد نے سکھر میں ٹرین بوگیوں کی صفائی ستھرائی کو یقینی بنانے کی اہمیت پر زور دیا، جس پر ریلویز حکام نے بتایا کہ واشنگ لائن مکمل ہو چکی ہے اور جلد ہی فعال کر دی جائے گی۔وفد نے پاکستان ریلویز سے یہ مطالبات بھی کیے کہ مال برداری کے چارجز پر نظر ثانی کی جائے، بڑی اور اہم ٹرینوں میں سکھر کے مسافروں کے لیے کوٹہ مختص کیا جائے، اور سکھر ایکسپریس کے ساتھ مال بردار بوگیاں منسلک کی جائیں۔پاکستان ریلویز کے افسران نے تمام نکات پر غور کرنے اور مکمل تعاون کی یقین دہانی کرائی۔