سندھ ہائی کورٹ کا پولیس کو 13 سالہ لڑکی دعا اجمل کو 4 جولائی کو بازیاب کراکر پیش کرنے کا حکم

جمعہ 27 جون 2025 17:10

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 27 جون2025ء)سندھ ہائی کورٹ نے پولیس کو13سالہ لڑکی دعا اجمل کو 4 جولائی کو بازیاب کراکر پیش کرنے کا حکم دیدیا۔جمعہ کو سندھ ہائیکورٹ میں 13 سالہ لڑکی کی بازیابی کی درخواست کی سماعت ہوئی۔ درخواستگزار کے وکیل لیاقت علی خان گبول ایڈووکیٹ نے موقف دیا کہ خاتون تفتیشی افسر ریکوری کے لیے 2 لاکھ روپے مانگ رہی ہے۔

(جاری ہے)

تفتیشی افسر نے کہا کہ چھاپہ مارا لڑکی نہیں ملی۔ سرکاری وکیل نے موقف اپنایا کہ مقدمے کو سی کلاس کیا جارہا ہے۔ عدالت نے ریمارکس دیئے کہ سی کلاس کیسے کریں گے ۔پہلے لڑکی برآمد کرکے لائیں۔پہلے عدالتی حکم پر عمل کیا جائے۔ لڑکی کا پہلے میڈیکل ہوگا، عمر کا تعین ہوگا پھرلڑکی کہاں جائے گی فیصلہ ہوگا۔عدالت نے 4 جولائی کو لڑکی دعا اجمل کو بازیاب کراکر پیش کرنے کا حکم دیدیا۔ پولیس کے مطابق دعا کے اغوا اور دیگر الزامات میں درخشاں تھانے میں مقدمہ درج کیا گیا ہے۔