محرم الحرام میں ستھرا اورصحت مند ماحول فراہم کرنے کے لیے کمپنی نے ایک جامع صفائی پلان کو حتمی شکل دے دی، سی ای او آر ڈی ایم سی

جمعہ 27 جون 2025 17:48

راولپنڈی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 27 جون2025ء) چیف ایگزیکٹیو آفیسر راولپنڈی ویسٹ مینجمنٹ کمپنی رانا ساجد صفدر نے کہا ہے کہ محرم الحرام میں ستھرا اور صحت مند ماحول فراہم کرنے کے لیے کمپنی نے ایک جامع صفائی پلان کو حتمی شکل دے دی ہے،جلوسوں کے روٹس،امام بارگاہوں اور ملحقہ علاقوں کی صفائی یقینی بنائی جائیگی، تمام ورکرز کی چھٹیاں منسوخ کرکے اضافی نفری کی مختلف شفٹوں میں تعیناتی کردی ہے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے محرم الحرام کی آپریشنل تیاریوں کے حوالے سے دفتر سے میں اپنی زیر صدارت اجلاس میں کیا۔رانا ساجد صفدر نے کہا کہ راولپنڈی ویسٹ مینجمنٹ کمپنی ہر مذہبی، ثقافتی اور قومی موقع پر شہریوں کو صفائی کی بہترین سہولیات فراہم کرنے میں ہمیشہ پیش پیش رہی ہے اور محرم الحرام کے دوران بھی اس روایت کو برقرار رکھا جائے گا۔

(جاری ہے)

انہوں نے بتایا کہ راولپنڈی شہر اور ڈویژن کی تمام تحصیلوں میں یکم محرم الحرام سے یوم عاشور تک صفائی کے خصوصی اقدامات کیے جائیں گے۔ اس مقصد کے لیے مقامی پرائیویٹ کنٹریکٹرز اور عملے کو دو شفٹوں میں ڈیوٹی انجام دینے کی ہدایات جاری کر دی گئی ہیں۔سی ای او RWMC نے مزید بتایا کہ تمام امام بارگاہوں، مجالس کے مقامات اور جلوسوں کے روٹس پر خصوصی صفائی، دھلائی، فنائل اور چونے کا چھڑکاؤ یقینی بنایا جائے گا تاکہ زائرین اور شہریوں کو صاف اور محفوظ ماحول میسر ہو۔

رانا ساجد صفدر نے کہا کہ جلوسوں کے روٹس کی صفائی کا عمل قبل از وقت شروع کر دیا گیا ہے، ان اقدامات کی نگرانی کے لییسینئر منیجر آپریشنز ڈاکٹر حامد اقبال اور مینیجر آپریشنز عامر نائیک کی سربراہی میں ایک خصوصی مانیٹرنگ ٹیم تشکیل دے دی گئی ہے، جو جلوس و مجالس کے منتظمین سے قریبی رابطے میں رہے گی اور صفائی کے امور پر مسلسل نظر رکھے گی۔

رانا ساجد صفدر نے واضح کیا کہ محرم الحرام کے دوران RWMC کی ہیلپ لائن 1139 مکمل طور پر فعال رہے گی، جس پر شہری صفائی سے متعلق شکایات اور تجاویز درج کرا سکتے ہیں اور کمپنی کی ٹیمیں فوری ایکشن یقینی بنائیں گی۔ سی ای او RWMC نے تمام منتظمین، علما کرام، رضاکاروں اور شہریوں سے تعاون کی اپیل کرتے ہوئے کہا کہ صفائی نصف ایمان ہے اور صفائی کا خیال رکھنا ہم سب کی مشترکہ ذمہ داری ہے۔