غیر ملکی خاتون کی پراسرار ہلاکت کا معاملہ، واقعے میں ملوث ملزم گرفتار

ملزم اور خاتون نشتر ٹاؤن گلشن مدینہ کالونی میں کرائے پررہائش پذیرتھے تاہم خاتون کی روم میٹ کو تلاش کر کے مزید تحقیقات کی جائیں گے، پولیس نے دوسرے مفرور شخص کی تلاش کیلئے چھاپے مارنے شروع کر دیئے

Faisal Alvi فیصل علوی جمعہ 27 جون 2025 17:00

غیر ملکی خاتون کی پراسرار ہلاکت کا معاملہ، واقعے میں ملوث ملزم گرفتار
لاہور(اردوپوائنٹ اخبار تازہ ترین۔27جون 2025)لاہور پولیس نے غیرملکی خاتون کی پراسرار ہلاکت کے معاملے پرکارروائی کرتے ہوئے واقعے میں ملوث غیرملکی شخص گرفتارکرلیا، پولیس نے دوسرے مفرور شخص کی تلاش کیلئے چھاپے مارنے شروع کر دیئے ہیں،پولیس کے مطابق زیر حراست شخص سے واقعے کی تفتیش جاری ہے،پولیس ذرائع کے مطابق حراست میں لئے گئے غیر ملکی شخص نے دعویٰ کیا ہے کہ خاتون کو سانس کی تکلیف لاحق تھی تاہم پولیس معاملے کی مختلف پہلوؤں سے تفتیش کر رہی ہے۔

پولیس کا کہنا ہے کہ نشترکالونی میں غیر ملکی خاتون کی لاش ہسپتال چھوڑ کر فرار ہونے والے ملزم کا چند گھنٹے میں سراغ لگا لیا گیاجبکہ واقعے کی مزید تحقیقات کی جارہی ہیں۔ملزم اور خاتون نشتر ٹاؤن گلشن مدینہ کالونی میں کرائے پررہائش پذیرتھے تاہم خاتون کی روم میٹ کو تلاش کر کے مزید تحقیقات کی جائیں گے۔

(جاری ہے)

پولیس کایہ بھی کہنا ہے کہ اب تک کی معلومات کے مطابق دو افراد سفید رنگ کی کار میں خاتون کو ہسپتال لائے وہ خاتون کو وہیل چیئر پر ہسپتال کے اندر لے گئے اور بیڈ پر لٹا کر فرار ہوگئے۔

ہسپتال انتظامیہ نے فوری طبی معائنہ کیا مگر خاتون پہلے ہی دم توڑ چکی تھی۔ غیرملکی خاتون کو اس کا ساتھی رینٹ پر لی گئی کار میں ہسپتال لایا تھا اور خاتون کی موت کی تصدیق ہونے پر ملزم لاش چھوڑ کر فرار ہوگیاتھا۔یاد رہے کہ اس سے قبل گزشتہ روزصوبائی دارالحکومت لاہور کے نجی ہسپتال سے ملنے والی غیر ملکی خاتون کی لاش کی شناخت ہوگئی تھی۔

مقتولہ چومبا کیرن زیمبیا کی شہری تھی اور لاش چھوڑ کربھاگنے والا اس کا ہی ساتھی نکلا تھاجس کی سی سی ٹی وی فوٹیج بھی منظرعام پر آگئی تھی۔سی سی ٹی وی فوٹیج میں دیکھا گیا کہ ملزم خاتون کو چھوڑ کر فرار ہو رہا تھا۔ ڈاکٹروں نے خاتون کو چیک کیا تو پتہ چلا کہ وہ پہلے ہی دم توڑ چکی تھی۔ڈی آئی جی آپریشنز فیصل کامران کے مطابق مقتولہ چومبا کیرن کو ہسپتال میں چھوڑنے والے شخص کی شناخت ولیری نکومبو کے نام سے ہوئی تھی۔

قبل ازیں دو افرادنشتر کالونی کے نجی ہسپتال میں غیرملکی خاتون کی لاش چھوڑ کرفرار ہوگئے تھے۔بتایاگیاتھا کہ خاتون کی لاش کو ہسپتال میں چھوڑ کر جانے والے دونوں افراد بھی غیر ملکی تھے۔نامعلوم غیر ملکی مرد اور خاتون لاش کو وہیل چیئر پر ہستال لے آکر آئے اور موقع ملتے ہی چھوڑ کر فرار ہوگئے۔پولیس کا کہنا تھا کہ شبہ ہے متوفیہ کی موت منشیات کی زیادتی سے ہوئی تھی۔

خاتون کی لاش تحویل میں لے کر پوسٹ مارٹم کیلئے بھجوا دی گئی تھی جب کہ تحقیقات کا آغاز کر دیا گیا تھا۔پولیس کے مطابق لاش چھوڑ کر جانے والوں میں نامعلوم خاتون اور مرد شامل تھے۔پولیس نے کلوز سرکٹ فوٹیج اور دیگر شواہد کی مدد سے تفتیش شروع کر دی گئی تھی۔غیر ملکی خاتون کی لاش ملنے کے واقعہ کے بعد ڈی آئی جی آپریشنز فیصل کامران نے ملزم کی گرفتاری کیلئے ٹیم تشکیل دی تھی۔

متعلقہ عنوان :