آٹزم میں مبتلا بچوں کی تعلیم و صحت کیلئے اپنی خدمات انجام دینے والے ادارے بلاسم سپیشل ایجوکیشن اینڈ تھراپی سنٹر جھنگ کا کینال روڈ پر نئی بلڈنگ کا افتتاح کر دیا گیا

جمعہ 27 جون 2025 20:07

شورکوٹ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 27 جون2025ء) آٹزم میں مبتلا بچوں کی تعلیم و صحت کیلئے اپنی خدمات انجام دینے والے ادارے بلاسم سپیشل ایجوکیشن اینڈ تھراپی سنٹر جھنگ کا جدید سہولیات کے ساتھ کینال روڈ پر نئی بلڈنگ کا افتتاح کیا گیا، جس میں بطور مہمان خصوصی سید مصباح الحسن ترمذی ، ڈاکٹر کامران سہیل ، ڈاکٹر مبشر حسن ملک ، سید ابوذر شاہ اور سیکرٹری نشر و اشاعت حسن رضا خان بلوچ سمیت شہر کے سماجی طبقہ سے تعلق رکھنے والے افراد اور ادارہ میں زیر علاج بچوں کے والدین کی کثیر تعداد نے شرکت کی ۔

اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے ڈائریکٹر ادارہ ڈاکٹر سیدہ کنیز آمنہ ترمذی کا کہنا تھا کہ بلاسم سپیشل ایجوکیشن اینڈ تھراپی سنٹر جھنگ سید مفتاح الحق ترمذی کی زیر سرپرستی مسرت فاؤنڈیشن کے تحت کام کر رہا ہے، یہ جھنگ میں واحد آٹزم سنٹر ہے،جو آٹزم میں مبتلا بچوں کی تعلیم و صحت کیلئے جامع علاج کی پیشکش کرتا ہے۔

(جاری ہے)

بچوں کے زیادہ ایڈمیشن کی وجہ سے تعداد میں اضافہ ہونے کی وجہ سے نئی بلڈنگ میں منتقل ہونا ضروری ہو گیا تھا جبکہ نئی بلڈنگ میں جدید آکیوپیشنل اینڈ فزیو تھراپی روم اور سنسری روم کے ساتھ ساتھ ون ٹو ون سیشن کو مزید وسیع کیا گیا ہے ۔

یہ ادارہ بچوں کیلئے دوسرا گھر ہے جہاں ہم علاج اور تعلیم کے ذریعے بچوں کو اس قابل بناتے ہیں کہ وہ معاشرے کا حصہ بن کر دیگر افراد کی طرح ملک و قوم کیلئے اپنی خدمات انجام دے سکیں ۔ ڈاکٹر سیدہ کنیز آمنہ ترمذی نے والدین کیلئے اپنے پیغام میں کہا کہ آٹزم کوئی بیماری نہیں بلکہ یہ وہ ذہنی حالت ہے جس میں بچے مختلف انداز میں سوچتے ہیں، والدین کو سمجھنا چاہیے کہ آٹزم کو ختم نہیں کیا جاسکتا لیکن بچوں کی زندگی ضرور بہتر کی جاسکتی ہے۔ والدین کا کہنا تھا کہ بلاسم اسپیشل ایجوکیشن اینڈ تھراپی سنٹر جھنگ ایک قابل اعتماد ادارہ ہے جو انسانیت کی خدمت میں پیش پیش ہے ۔ اس موقع پر بچوں اور انکے والدین نے اپنے ہاتھوں سے پودے لگا کر شجر کاری بھی کی۔