ھ*آئی جی پنجاب کی پولیس ملازمین و اہلخانہ سے ملاقات، متعدد درخواستوں پر فوری احکامات

ٌسکالرشپ، پروموشن، تبادلے اور کلیم سمیت مختلف درخواستوں پر متعلقہ افسران کو ریلیف کی ہدایات

جمعہ 27 جون 2025 20:20

S لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 27 جون2025ء)آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے سنٹرل پولیس آفس میں پولیس ملازمین اور ان کے اہلخانہ سے ملاقات کی، جس دوران انہوں نے پولیس اہلکاروں کے مسائل خود سنے اور فوری ریلیف کے لیے احکامات جاری کیے۔ترجمان پنجاب پولیس کے مطابق اے ایس آئی محمد فیاض کی بیٹے کی اسکالرشپ اور مالی امداد کی درخواست پر ڈی آئی جی ویلفیئر کو کارروائی کی ہدایت کی گئی، جب کہ شہید کانسٹیبل امیر محمد کے بھائی کی پینشن کی ادائیگی کی درخواست پر آر پی او فیصل آباد کو ریلیف کی ہدایت دی گئی۔

ہیڈ کانسٹیبل حیدر علی کی پروموشن اور مالی معاونت، ڈرائیور کانسٹیبل شہزاد احمد کی انفرادی درخواست، ہیڈ کانسٹیبل محمد تنویر رضا کی والدہ کی جانب سے تبادلے کی درخواست، اور شہید کانسٹیبل شیر علی کی والدہ کی شہید کلیم پر بھرتی سے متعلق درخواست پر بھی متعلقہ افسران کو ریلیف کیلئے احکامات جاری کیے گئے۔

(جاری ہے)

اس کے علاوہ آٹھ انسپکٹرز کی سروس ریگولرائزیشن کی درخواست پر ایڈیشنل آئی جی پنجاب کو ضروری کارروائی کی ہدایت کی گئی، جبکہ ڈسپلن، ایڈمن، پروموشن اور ویلفیئر سے متعلقہ دیگر امور پر بھی آئی جی پنجاب نے احکامات جاری کیے۔

ڈاکٹر عثمان انور نے کہا کہ پولیس فورس کے مسائل کا بروقت حل اور شہداء کے خاندانوں کی داد رسی ان کی اولین ترجیح ہے، اور تمام متعلقہ افسران کو ہدایت کی گئی ہے کہ ریلیف کی فراہمی میں کسی قسم کی تاخیر نہ کی جائے۔