ہری پور، تحصیل غازی کےگاؤں آمگاہ میں جھرنوں میں نہانے اور کوڑا کرکٹ پھینکنے پر تین ماہ کی پابندی عائد،دفعہ 144 نافذ

جمعہ 27 جون 2025 21:10

ہری پور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 27 جون2025ء) ڈپٹی کمشنر ہری پور شوزیب عباس نے دفعہ 144 ضابطہ فوجداری کے تحت گاؤں آمگاہ، تحصیل غازی، ضلع ہری پور میں واقع جھرنوں میں نہانے اور کسی بھی قسم کے کوڑا کرکٹ یا فضلہ پھینکنے پر مکمل پابندی عائد کر دی ہے۔ یہ فیصلہ 18 جون 2025 کو گورنمنٹ ہائی سکول آمگاہ میں منعقدہ کھلی کچہری کے دوران مقامی عوام کی شکایات کے بعد کیا گیا ہے۔

(جاری ہے)

ڈپٹی کمشنر کے مطابق اس پابندی کا مقصد جھرنوں کے پانی کو آلودگی سے بچانا اور مقامی لوگوں کو صاف پینے کے پانی کی فراہمی یقینی بنانا ہے تاکہ عوام کو مختلف بیماریوں سے محفوظ رکھا جا سکے، یہ پابندی آئندہ تین ماہ تک مؤثر رہے گی۔ خلاف ورزی کی صورت میں متعلقہ افراد کے خلاف تعزیرات پاکستان کی دفعہ 188 کے تحت قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی، اور متعلقہ ایس ایچ او کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف ایف آئی آر درج کرے۔