گ*شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری کاآغا مرتضیٰ پویا کے انتقال پر اظہار افسوس

جمعہ 27 جون 2025 21:35

؁لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 27 جون2025ء) بانی و سرپرست اعلیٰ تحریک منہاج القرآن شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری نے ملک کی معروف سیاسی،سماجی و مذہبی شخصیت، سابق مرکزی وائس چیئرمین پاکستان عوامی تحریک آغا مرتضیٰ پویا کے انتقال پر اظہار افسوس کرتے ہوئے کہا ہے کہ اللہ تعالیٰ مرحوم کی بخشش و مغفرت اور درجات بلند فرمائے۔

شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہر القادری نے آغا مرتضیٰ پویا(مرحوم) کے سوگوار خاندان سے دلی تعزیت و ہمدردی کا اظہار کیا اور دعا کی کہ اللہ انہیں یہ صد مہ برداشت کرنے کی توفیق دے۔پاکستان عوامی تحریک کیلئے مرحوم کی خدمات کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔انہوں نے کہاکہ آغا مرتضیٰ پویا(مرحوم) کی پاکستانی معاشرے میں مختلف مسالک کے درمیان ہم آہنگی کو تقویت دینے اور بین المذاہب اتحاد کیلئے خدمات نا قابل فراموش ہیں۔

(جاری ہے)

چیئرمین سپریم کونسل منہاج القرآن انٹرنیشنل پروفیسر ڈاکٹر حسن محی الدین قادری، صدر منہاج القرآن انٹرنیشنل پروفیسرڈاکٹر حسین محی الدین قادری ،سیکرٹری جنرل پاکستان عوامی تحریک خرم نواز گنڈاپور دیگر رہنمائوں نے بھی آغا مرتضیٰ پویا کے انتقال پر اظہار افسوس کیا اور مرحوم کے درجات کی بلندی اور لواحقین کیلئے صبر جمیل کی دعا کی۔

رہنمائوں نے کہا کہ آغا مرتضیٰ پویا (مرحوم) کی ملک میں آزادی اظہار کیلئے کاوشیںاورجمہوریت کیلئے جدوجہد قابل تحسین ہے۔دریں اثنا آغا مرتضیٰ پویاکی نماز جنازہ اسلام آباد میں ادا کی گئی۔ پاکستان عوامی تحریک، تحریک منہاج القرآن کے مرکزی، صوبائی رہنمائوں و کارکنان نماز جنازہ میں شرکت کی اور مرحوم کے بیٹے و دیگر سوگواران تک شیخ الاسلام ڈاکٹر طاہر القادری کا تعزیتی پیغام پہنچایا۔