مشیر برائے ویمن ڈویلپمنٹ، ڈاکٹر ربابہ خان بلیدی سے اقوامِ متحدہ کے ترقیاتی ادارہ کے وفد کی ملاقات

جمعہ 27 جون 2025 22:40

کوئٹہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 27 جون2025ء) وزیراعلیٰ بلوچستان کی مشیر برائے ویمن ڈویلپمنٹ، ڈاکٹر ربابہ خان بلیدی سے اقوامِ متحدہ کے ترقیاتی ادارے (یو این ڈی پی) بلوچستان کے ایک اعلیٰ سطحی وفد نے ملاقات کی۔ وفد کی قیادت یو این ڈی پی رول آف لا پروگرام کی منیجر محترمہ شہزادہ احمد اور بلوچستان میں یو این ڈی پی کے سربراہ ذوالفقار درانی نے کی۔

ملاقات کے دوران وفد نے ڈاکٹر ربابہ خان بلیدی کو یو این ڈی پی کے جاری پروگرامز، خصوصاً بلوچستان میں قانون کی حکمرانی، انصاف کی فراہمی، اور انسانی حقوق کے تحفظ کے حوالے سے اقدامات پر تفصیل سے آگاہ کیا۔ ڈاکٹر ربابہ خان بلیدی نے یو این ڈی پی کی بلوچستان میں عوامی خدمت اور گورننس کے نظام کو مضبوط بنانے کے لیے کی جانے والی کاوشوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ بلوچستان جیسے حساس خطے میں یو این ڈی پی کا کردار نہایت اہمیت کا حامل ہے۔

(جاری ہے)

خواتین، بچوں اور پسماندہ طبقات کے حقوق کے تحفظ کے لیے جو اقدامات کیے جا رہے ہیں وہ قابلِ تحسین ہیں۔ حکومت بلوچستان ان تمام اقدامات میں بھرپور تعاون جاری رکھے گی۔ ڈاکٹر ربابہ خان بلیدی نے کہا کہ ویمن ڈویلپمنٹ ڈیپارٹمنٹ کا مقصد خواتین کو بااختیار بنانا اور انصاف تک ان کی رسائی کو یقینی بنانا ہے۔ یو این ڈی پی جیسے اداروں کی شراکت سے ہم اس مشن کو مزید مؤثر انداز میں آگے بڑھا سکتے ہیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ مؤثر پالیسی سازی کے لیے زمینی حقائق، مشاورت اور قابلِ اعتماد شراکت داری ناگزیر ہے محکمہ ترقی نسواں کی کوشش ہے کہ صوبے کی ہر بچی، ہر عورت کو یہ احساس ہو کہ ریاست اس کے ساتھ کھڑی ہے چاہے وہ تعلیم ہو، صحت ہو یا انصاف کی فراہمی، یو این ڈی پی جیسا بین الاقوامی ادارہ اس مقصد کے حصول میں مددگار ثابت ہورہا ہے۔

متعلقہ عنوان :