صوبائی حکومت خواتین کی معاشی ترقی کیلئے ہر سطح پر مدد فراہم کرے گی، ڈاکٹر ربابہ خان بلیدی

ہفتہ 28 جون 2025 19:10

کوئٹہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 28 جون2025ء) وزیر اعلیٰ بلوچستان کی مشیر برائے محکمہ ترقی نسواں ڈاکٹر ربابہ خان بلیدی نے کہا ہے کہ بلوچستان حکومت خواتین کو معاشی اور پیشہ ورانہ طور پر بااختیار بنانے کے لیے ہر مثبت اور پائیدار اقدام کی مکمل حمایت کرتی ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے بزنس اینڈ پروفیشنل ویمن فیڈریشن کے ایک نمائندہ وفد سے ملاقات کے دوران کیا۔

وفد میں نگہت شابی، شاہدہ افضل اور کے کے آر فاؤنڈیشن کی چیف ایگزیکٹو ذلیخہ رئیسانی شامل تھیں۔ وفد نے ڈاکٹر ربابہ خان بلیدی کو خواتین کے لیے ایک ڈسپلے سینٹر قائم کرنے کے منصوبے سے متعلق آگاہ کیا، جس کا مقصد بلوچستان کی خواتین کی تیار کردہ مصنوعات کو فروغ دینا اور ان کے کاروبار کو ایک مؤثر پلیٹ فارم مہیا کرنا ہے۔

(جاری ہے)

ملاقات کے دوران ڈاکٹر ربابہ خان بلیدی نے کہا کہ بلوچستان کی خواتین باصلاحیت، محنتی اور تخلیقی سوچ کی حامل ہیں، انہیں صرف بہتر مواقع اور حکومتی سرپرستی کی ضرورت ہے۔

حکومت خواتین کی معاشی ترقی کے لیے ہر سطح پر مدد فراہم کرے گی۔بی پی ڈبلیو کی نمائندہ خواتین نے تنظیم کی قومی و بین الاقوامی سطح پر سرگرمیوں، خواتین کی پیشہ ورانہ تربیت اور کاروباری ترقی کے لیے جاری اقدامات پر بھی روشنی ڈالی۔ڈاکٹر ربابہ بلیدی نے بی پی ڈبلیو کی کاوشوں کو سراہتے ہوئے یقین دلایا کہ ویمن ڈویلپمنٹ ڈیپارٹمنٹ بلوچستان ایسے اقدامات کے لیے ہر ممکن تعاون فراہم کرے گا تاکہ خواتین کو خودمختاری اور ترقی کی راہ پر گامزن کیا جا سکے۔