کراچی پر بادل چھا گئے، کئی علاقوں میں ہلکی و تیز بارش، موسم خوشگوار

مغربی ہوائوں کے زیر اثر کراچی میں 29 جون تک بارش کا سلسلہ جاری رہے گا

ہفتہ 28 جون 2025 19:35

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 28 جون2025ء)شہر قائد پر ہفتہ کوبھی بادلوں کا راج رہااور مختلف علاقوں میں ہلکی و تیز بارش ہوتے ہی موسم ایک بار پھر خوشگوار ہوگیا۔ہفتے کے روز کراچی میں علی الصبح مختلف علاقوں میں ہلکی بوندا باندی شروع ہوئی، جو بعد ازاں تیز بارش میں بدل گئی۔ آئی آئی چندریگر روڈ، اولڈ سٹی ایریا، ملیر، شاہراہ فیصل، صفورہ گوٹھ، قیوم آباد، گلشن اقبال، سرجانی ٹائون، نارتھ کراچی سمیت مختلف علاقوں میں بادل برستے رہے۔

(جاری ہے)

جمعرات کی شب ہونے والی بارش سے کراچی کا موسم بدلتے ہی گزشتہ دن(جمعہ)بھر شہر کا موسم خوشگوار رہا، جس کا سلسلہ ہفتہ کوبھی جاری رہا۔محکمہ موسمیات کے مطابق اتوارکو بھی کراچی کا مطلع ابر آلود رہے گا، شہر پر بادل چھائے رہیں گے۔ ماہرین نے بتایاکہ مغربی ہوائوں کے زیر اثر کراچی میں 29 جون تک بارش کا سلسلہ جاری رہے گا۔محکمہ موسمیات کے مطابق آج زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 31 ڈگری سینٹی گریڈ تک جانے کا امکان ہے۔ شہر میں شمال مشرق سمت سے 10 کلو فی گھنٹہ کی رفتار سے ہوا چل رہی ہے اور ہوا میں نمی کا تناسب90 فیصد ہے۔