,محمد کامل ولد کالو خان ابڑو نے اپنی بیٹی کے مبینہ اغوا کا جھوٹا اور بے بنیاد الزام مجھ پر عائد کیا،سینئر ٹیچر سعید احمد ابڑو

ہفتہ 28 جون 2025 20:15

) ڈیرہ مراد جمالی (آن لائن) سینئر ٹیچر استاد سعید احمد ابڑو نے پریس کلب ڈیرہ مراد جمالی میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ محمد کامل ولد کالو خان ابڑو نے اپنی بیٹی کے مبینہ اغوا کا جھوٹا اور بے بنیاد الزام مجھ پر عائد کیا ہے، جو کہ سراسر من گھڑت، جھوٹ پر مبنی اور حقیقت کے برخلاف ہے میں اس افسوسناک واقعے سے نہ صرف مکمل طور پر لاعلم ہوں بلکہ میرا اس سے کوئی براہ راست یا بالواسطہ تعلق بھی نہیں ہے انہوں نے کہا کہ میں ان دونوں برادریوں سے بھی کسی قسم کا تعلق نہیں رکھتا، اور گزشتہ بیس سال سے ہمارا ان کے ساتھ کوئی میل جول، نشست و برخاست یا سماجی رابطہ نہیں رہا۔

اس کے باوجود مجھے جان بوجھ کر اس معاملے میں گھسیٹ کر میری عزت نفس کو مجروح کرنے کی سازش کی جا رہی ہے، جو انتہائی افسوسناک اور قابل مذمت عمل ہے استاد سعید احمد ابڑو نے کہا کہ میں ایک تعلیم یافتہ، پرامن، قانون پسند اور باوقار شہری ہوں، جو عرصہ دراز سے تدریس جیسے مقدس پیشے سے وابستہ ہے۔

(جاری ہے)

معاشرے میں میری پہچان ایک باکردار استاد اور ذمہ دار فرد کی حیثیت سے ہے۔

مجھ پر لگائے گئے الزامات کا مقصد میری ساکھ کو نقصان پہنچانا، میری عزت کو پامال کرنا اور مجھے معاشرتی طور پر بدنام کرنا ہے انہوں نے وزیراعلی بلوچستان، چیف سیکریٹری، کمشنر نصیرآباد ڈویژن، ڈپٹی کمشنر جعفرآباد، ڈی آئی جی نصیرآباد اور ایس ایس پی نصیرآباد سے پرزور اپیل کی کہ وہ اس حساس معاملے کا نوٹس لیں اور ایک غیر جانبدار، منصفانہ اور شفاف تحقیقات کے لیے اعلی کمیٹی تشکیل دیں تاکہ حقائق قوم کے سامنے آئیں اور مجھے انصاف فراہم کیا جا سکے انہوں نے کہا کہ اگر وقت پر سچ سامنے نہ آیا تو نہ صرف میں بلکہ دیگر معزز شہری بھی ایسے جھوٹے الزامات کی زد میں آ سکتے ہیں میرا مطالبہ ہے کہ اس معاملے میں سچائی کو سامنے لایا جائے اور جھوٹے الزام تراشی کرنے والوں کے خلاف قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے تاکہ مستقبل میں کسی بھی بے گناہ شہری کو اس قسم کی ذہنی اذیت کا سامنا نہ کرنا پڑے۔