سید یوسف رضا گیلانی کی شمالی وزیرستان میں خود کش دھماکے کی شدید مذمت

ملک دشمن عناصر مذموم عزائم سے قوم کے حوصلے پست نہیں کر سکتے، سیکیورٹی فورسز کی قربانیاں ہماری قومی سلامتی کی ضمانت ہیں ، چیئرمین سینیٹ

ہفتہ 28 جون 2025 21:00

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 28 جون2025ء)چیئرمین سینیٹ سید یوسف رضا گیلانی نے شمالی وزیرستان کے علاقے میر علی میں ہونے والے خودکش حملے کی شدید الفاظ میں مذمت کی ہے جس کے نتیجے میں 13سیکیورٹی اہلکار جامِ شہادت نوش کر گئے۔

(جاری ہے)

جاری بیان میں چیئرمین سینیٹ نے واقعے کو بزدلانہ اور انسانیت سوز اقدام قرار دیتے ہوئے کہا کہ ملک دشمن عناصر اپنے مذموم عزائم سے قوم کے حوصلے پست نہیں کر سکتے۔

سیکیورٹی فورسز کی قربانیاں ہماری قومی سلامتی کی ضمانت ہیں اور پوری قوم ان سپاہیوں کو خراجِ عقیدت پیش کرتی ہے جنہوں نے وطن کی خاطر اپنی جانیں قربان کیں۔سید یوسف رضا گیلانی نے شہداء کے اہل خانہ سے دلی ہمدردی اور تعزیت کا اظہار کرتے ہوئے دعا کی کہ اللہ تعالیٰ شہداء کو جوارِ رحمت میں بلند مقام عطا فرمائے اور پسماندگان کو صبرِ جمیل عطا کرے۔