راولپنڈی پولیس کی جانب سے گرجا گھروں کی سیکیورٹی کو یقینی بنانے کیلئے سخت اور مؤثر انتظامات

اتوار 29 جون 2025 16:30

راولپنڈی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 29 جون2025ء) راولپنڈی پولیس نے گرجا گھروں کی سیکیورٹی کو یقینی بنانے کے لیے سخت اور مؤثر انتظامات کیے ہیں۔ پولیس ترجمان کے مطابق 400 سے زائد افسران و جوان سیکیورٹی ڈیوٹی پر مامور ہیں جو عبادت گاہوں کے گردو نواح میں فرائض انجام دے رہے ہیں۔

(جاری ہے)

تھانوں کی موبائل گاڑیاں، ایلیٹ فورس اور ڈولفن فورس کی خصوصی ٹیمیں مسلسل گشت کر رہی ہیں تاکہ کسی بھی ناخوشگوار واقعے سے بروقت نمٹا جا سکے۔

سی پی او راولپنڈی سید خالد ہمدانی نے کہا ہے کہ شہریوں کی جان و مال کا تحفظ راولپنڈی پولیس کی اولین ترجیح ہے اور اس مقصد کے لیے تمام دستیاب وسائل استعمال میں لائے جا رہے ہیں۔ انہوں نے شہریوں سے اپیل کی کہ وہ کسی بھی مشکوک سرگرمی کی فوری اطلاع پولیس کو دیں تاکہ امن و امان کو یقینی بنایا جا سکے۔