سیدناحضرت عمر فاروق اعظم رضی اللہ عنہ روزانہ کی بنیاد پر اپنا محاسبہ کیا کرتے تھے،علامہ الیاس عطارقادری

اتوار 29 جون 2025 18:00

اوتھل (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 29 جون2025ء) امیر اہل سنت حضرت علامہ محمد الیاس عطار قادری نے کہا کہ سیدناحضرت عمر فاروق اعظم رضی اللہ عنہ روزانہ کی بنیاد پر اپنا محاسبہ کیا کرتے تھے، یہاں ہمیں ایک دن کا بھی یاد نہیں رہتا تو ہم سال بھر کے گناہوں کو کس طرح یاد رکھیں گے، جب بھی گناہ ہوجائے تو فوری توبہ کرنا واجب ہے کیونکہ اس میں تاخیر خود ایک گناہ ہے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے محرم الحرام سے عالمی مدنی مرکز فیضان مدینہ کراچی میں شروع ہونے والے مدنی مذاکرے میں بیان کرتے ہوئے کیا، ان مدنی مذاکرے میں کراچی کے علاوہ اوتھل، حب، بیلہ، کوئٹہ، گوادر ،سبی، نصیر آباد، ڈیرہ اللہ یار، فیصل آباد،ٹوبہ ٹیک سنگھ، چنیوٹ، ملتان، خانیوال، لودھراں، وہاڑی، پیر محل، کمالیہ، جڑانوالہ و دیگر علاقوں سے آئے عاشقان رسول شریک ہوئے۔

(جاری ہے)

امیر اہل سنت نے کہا کہ بزرگان دین کی سیرت سے کئی ایسے واقعات ملتے ہیں کہ اگر ان سے بچپن میں بھی کوئی غطاسرزد ہوگئی ہو تو اسے بھی یاد رکھتے اور اس پر رنجیدہ و افسردہ رہتے تھے، لہذا ہمیں چاہئے کہ گزشتہ سال سرزد ہونے والی اپنی غطاؤں کو یاد رکھ کر ان سے توبہ و استغفار کی جائے اور رہ جانے والے نیک اعمال نئے اسلامی سال کرنے کیلئے پختہ ارادہ کریں۔

امیر اہل سنت نے کہا کہ کسی بھی مسلمان کی دل آزاری اچھا عمل نہیں بلکہ گناہ کاکام ہے اور اس سے بچنا بہت ضروری ہے، آج کل پیسہ کمانے کیلئے سوشل میڈیا کیلئے گناہ بھری ایسی ویڈیوز بنائی جارہی ہیں جس میں آپس میں ہی کچھ افراد اس طرح کی حرکتیں کرتے ہیں جسے دیکھ کر لوگ مزہ لیں اور کئی نادان تواس ویڈیو کو آگے وائرل بھی کرتے ہیں جس سے ویڈیو بنانے اور مزید آگے بھیجنے والے اپنے لئے گناہوں کا سامان جمع کررہے ہیں،یاد رکھیں ایک مسلمان کو بھی اس چیز کی اجازت نہیں کہ وہ اپنی عزت خراب کرے، لہذا وہ تمام لوگ جو اس طرح کے کاموں میں ملوث ہیں انہیں چاہئے کہ اپنی جان پر رحم کھاکر اللہ کی بارگاہ میں فوری توبہ کریں۔

امیر اہل سنت نے کہا کہ مذاکرے کے دوران عاشقان رسول کو محرم الحرام میں زیادہ سے زیادہ تلاوت قرآن کرنے کے ساتھ ساتھ کثرت سے روزہ رکھنے کی ترغیب دی، آخر میں دعائے خیر کی گئی۔