Live Updates

حالیہ بجٹ میں سرکاری ملازمین کی تنخواہوں میں محض دس فیصد اضافہ موجودہ مہنگائی ، معاشی بدحالی کے پیش نظر سراسر ناکافی اور غیر منصفانہ ہے،رہنما گرینڈ الائنس

اتوار 29 جون 2025 18:00

پشین(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 29 جون2025ء) سرکاری ملازمین پر مشتمل گرینڈ الائنس نے حالیہ صوبائی بجٹ میں ملازمین کی تنخواہوں میں معمولی اضافہ مسترد کرتے ہوئے مہنگائی کے تناسب سے خاطرخواہ اضافے کا مطالبہ کردیا، ان خیالات کا اظہار گرینڈ الائنس کے رہنماؤں نے پشین پریس کلب کے سامنے احتجاجی مظاہرے سے خطاب کرتے ہوئے کیا، سرکاری ملازمین پر مشتمل گرینڈ الائنس کے زیر اہتمام پشین پریس کلب کے سامنے احتجاجی مظاہرہ کیا گیا۔

مظاہرے میں مختلف محکموں کے ملازمین کی بڑی تعداد نے شرکت کی، جنہوں نے ہاتھوں میں پلے کارڈز اور بینرز اٹھا رکھے تھے، جن پر حکومت کے حالیہ بجٹ اور مہنگائی کے خلاف نعرے درج تھے۔ گرینڈ الائنس کے رہنماؤں نے مظاہرے سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ حالیہ وفاقی اور صوبائی بجٹ میں سرکاری ملازمین کی تنخواہوں میں محض دس فیصد اضافہ موجودہ مہنگائی اور معاشی بدحالی کے پیش نظر سراسر ناکافی اور غیر منصفانہ ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ اشیائے خورد و نوش، بجلی، گیس، پٹرولیم مصنوعات اور روزمرہ استعمال کی اشیاء کی قیمتیں آسمان کو چھو رہی ہیں، جبکہ سرکاری ملازمین کی تنخواہیں گزشتہ کئی برسوں سے مہنگائی کے تناسب سے نہیں بڑھائی گئیں، جس کے باعث انہیں شدید مالی مشکلات کا سامنا ہے۔مقررین نے کہا کہ دس فیصد اضافہ محض علامتی ہے اور اس سے ملازمین کی مشکلات میں کوئی کمی نہیں آئے گی۔

انہوں نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ موجودہ مہنگائی اور معاشی حالات کے تناظر میں سرکاری ملازمین کی تنخواہوں میں کم از کم پچاس فیصد اضافہ کیا جائے تاکہ وہ اپنے خاندانوں کی بنیادی ضروریات پوری کر سکیں۔گرینڈ الائنس کے رہنماؤں نے خبردار کیا کہ اگر ان کے مطالبات کو نظرانداز کیا گیا تو احتجاج کا دائرہ کار صوبائی اور ملکی سطح تک بڑھا دیا جائے گا اور ہر محکمے میں کام چھوڑ ہڑتال سمیت مختلف احتجاجی آپشنز پر غور کیا جا رہا ہے۔آخر میں مظاہرین پرامن طور پر منتشر ہوگئے تاہم انہوں نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ جب تک ان کے مطالبات تسلیم نہیں کیے جاتے، وہ احتجاجی تحریک جاری رکھیں گے۔
Live بجٹ 26-2025ء سے متعلق تازہ ترین معلومات