کراچی سمیت ملک بھر کیلئے بجلی کے بنیادی ٹیرف میں کمی کا امکان

گھریلوصارفین کے لیے بنیادی ٹیرف میں ایک روپے 16 پیسے فی یونٹ تک کمی متوقع

اتوار 29 جون 2025 19:30

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 29 جون2025ء)آئندہ مالی سال کے لیے بجلی کے بنیادی ٹیرف میں کمی کی تجاویز تیار کرلی گئی ہیں، گھریلو صارفین کے لیے بجلی کے بنیادی ٹیرف میں ایک روپے 16 پیسے فی یونٹ تک کمی کا امکان ہے۔میڈیارپورٹ کے مطابق کراچی سمیت ملک بھر کے لیے بجلی کے بنیادی ٹیرف میں کمی کا امکان ہے اور آئندہ مالی سال کے لیے بجلی کے بنیادی ٹیرف میں کمی کی تجاویز تیار کرلی گئی ہیں۔

ذرائع نے بتایا ہے کہ گھریلوصارفین کے لیے بنیادی ٹیرف میں ایک روپے 16 پیسے فی یونٹ تک کمی کا امکان ہے۔پاور ڈویژن کی آئندہ مالی سال ملک بھر میں یکساں ٹیرف کیلئے درخواست نیپرا میں جمع کرادی، نیپرا نے پاور ڈویژن کی درخواست پر یکم جولائی کو سماعت کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔

(جاری ہے)

پاور ڈویژن کی جانب سے پیش کردہ تجویز کے مطابق گھریلو صارفین کے لیے زیادہ سے زیادہ ٹیرف 48.84 سیکم ہوکر 47.69 روپے ہوگا، ایک سے 100 یونٹ تک پروٹیکٹڈ گھریلو صارفین کا ٹیرف 1.15 روپے کمی سے 10.54 روپے ہوجائے گا۔

پاور ڈویژن کی درخواست منظور ہونے کے بعد 101 سے 200 یونٹ تک پروٹیکٹڈ گھریلو صارفین کا ٹیرف 1.15 روپے کمی سے 13.01 روپے ہوگا جب کہ ایک سے 100 یونٹ تک نان پروٹیکٹڈ گھریلو صارفین کا ٹیرف 1.15 روپیکمی سے 22.44 روپے ہوجائے گا۔تجویز کے مطابق ماہانہ 101 سے 200 یونٹ تک کا ٹیرف 1.16 روپے کمی سے 28.91 روپے ہوجائے گا، ماہانہ 201 سے 300 یونٹ کا ٹیرف 1.16 روپے کمی سے 33.10 روپے ہوجائے گا۔

اسی طرح، ماہانہ 301 سے 400 یونٹ کا ٹیرف 1.16 روپے کمی سے 37.99 روپے ہوجائے گا اور ماہانہ 401 سے 500 یونٹ کا ٹیرف 1.14 روپے کمی سے 40.22 روپے ہوجائیگا۔علاوہ ازیں ماہانہ 501 سے 600 یونٹ کا ٹیرف 1.16 روپے کمی سے 41.62 روپے ہوجائے گا اور ماہانہ 601 سے 700 یونٹ کا ٹیرف 1.16 روپے کمی سے 42.76 روپے ہوجائے گا جب کہ ماہانہ 700 یونٹ سے زیادہ کا ٹیرف 1.15 روپے کمی سے 47.69 روپے ہوگا۔

تجویز میں کہا گیا کہ ٹیکسوں کو ملاکر سیلب کے حساب سے فی یونٹ ٹیرف کی قیمت بڑھ جائے گی، ماہانہ 50 یونٹ تک کے گھریلو لائف لائن صارفین کے لیے 3.95 روپے فی یونٹ کا ٹیرف برقرار رہے گا۔بتایا گیا کہ ماہانہ 51 سے 100 یونٹ تک لائف لائن صارفین کے لیے ٹیرف 7.74 روپے فی یونٹ برقرار رہے گا۔اس سے قبل، نیپرا نے آئندہ مالی سال کے لیے بجلی کے بنیادی ٹیرف میں کمی کی منظوری دی تھی۔نیپرا نے اپنا فیصلہ یکساں ٹیرف کے تعین کے لیے وفاقی حکومت کو بھجوایا تھا، نیپرا نے بجلی کے بنیادی ٹیرف میں تقریبا ڈیڑھ روپے فی یونٹ کمی کی منظوری دی تھی۔

متعلقہ عنوان :