وفاق کے نمائندہ کی حیثیت سے عہدے کی عزت پامال کرنے پرگورنر پرایف آئی آر درج ہونی چاہیے،سجادبارکوال

اتوار 29 جون 2025 20:25

کوہاٹ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 29 جون2025ء)خیبرپختونخوا کے وزیر زراعت میجر( ریٹائرڈ) سجاد بارکوال نے گورنر خیبر پختونخوا کی کارکردگی پر سوال اٹھاتے ہوئے اپنی اس خواہش کا اظہار کیا ہے کہ وفاق کے نمائندہ کی حیثیت سے عہدے کی عزت پامال کرنے پرسب سے پہلے گورنر پرایف آئی آر درج ہونی چاہیے،ان کا مؤقف تھا کہ گورنرخیبرپختونخوا اپنا عہدہ اور پروٹوکول منتخب صوبائی حکومت کے خلاف سیاسی مقاصد کے لیے استعمال کر رہے ہیں۔

فیصل کریم کنڈی کا نام لئے بغیراٴْنہوں نے گورنر کو مشورہ دیا کہ وہ قدرتی آفات پر سیاست کرنے کی بجائے اپنے آئینی فرائض کے مطابق کام کریں۔اتوار کے روز یہاں سوشل میڈیا پر جاری اپنے ایک بیان میں صوبائی وزیر سجاد باراکوال نے گزشتہ روز پیش آنے والے سانحہء سوات کا ذکرکرتے ہوئے کہا کہ گورنر یہ وضاحت کریں کہ انہوں نے اس بارے وفاقی حکومت سے ہنگامی بنیادوں پر ہیلی کاپٹر یا دیگر امداد مانگنے کی کوشش کیوں نہیں کی۔

(جاری ہے)

انہوں نے گورنر سے سوال کیا کہ کیا انہوں نے نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم ای) سے کوئی رابطہ کیا ہے۔ بارکوال کا کہناتھا کہ گورنر کا کام صرف تنقید کرنا نہیں ہونا چاہیے۔ انہوں نے گورنر سے سوال کیا کہ وہ اپنے استعفے کے بارے کیا سوچتے ہیں کیونکہ ان کا موجودہ رویہ محض گورنر ہاؤس میں ٹی وی پروگرام دیکھنے، پریس ٹاک کرنے اور بے جا تنقیدکرنے تک محدود ہے۔ سجادباراکوال نے وفاقی وزیر امیر مقام پر بھی تنقید کی اور کہا کہ ان کا تعلق سوات سے ہے اور وفاقی وزیر بھی ہیں۔ انہیں بھی اپنی اور وفاقی حکومت کی ذمہ داریوں پر بھی غور کرنا چاہیے۔