شہدائے کربلا کی یاد میں ہر سال کی طرح اس سال بھی حیدرآباد میں مجالسِ عزا ء کے مرکزی عشرے جاری

اتوار 29 جون 2025 20:45

ش*حیدرآباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 29 جون2025ء) شہدائے کربلا کی یاد میں ہر سال کی طرح اس سال بھی حیدرآباد میں مجالسِ عزا ء کے مرکزی عشرے جاری ہیں جن میں سے قدم گاہ مولا علی پر منعقدہ پہلے عشرے کی مجالس سے پروفیسر کرم حسین ودھو اور دوسرے عشرے کی مجالس سے علامہ مجاہد حسین عباسی نے خطاب کیا۔اسی طرح محفلِ حسینی میں حافظ ارتضی نجفی، امام بارگاہ گل شاہ رضویہ گاڑی کھاتہ میں علامہ ڈاکٹر سید احسن رضا نقوی اور مرکزی امامیہ ٹرسٹ لطیف آباد میں مولانا ڈاکٹر سید نسیم حیدر زیدی مرکزی مجالسِ عزا ء کے اجتماعات سے خطاب کر رہے ہیں۔

شہر کی جملہ امام بارگاہوں میں بھی مجالسِ عزا کے چھوٹے بڑے اجتماعات منعقد ہو رہے ہیں جن سے معروف علمائے کرام اور ذاکرین خطاب کررہے ہیں۔

(جاری ہے)

دوسری جانب ماتمی پڑوں کے سلسلے میں آج4محرم الحرام کو حیدرآباد کے مختلف علاقوں سے ذوالجناح والے کئی ماتمی جلوس برآمد ہوں گے۔ عزادار رابطہ کمیٹی حیدرآباد کے سرپرست زوار عبدالستار درس کی جاری اعلامیہ کے مطابق تالاب نمبر 3سے مصری شاہ کا پڑ درگاہ کمیٹی کے زیرِ اہتمام، ٹنڈو ولی محمد سے سید کامل شاہ کا پڑ سید عاشق علی شاہ کے زیرِ اہتمام، ٹنڈو ولی محمد سے مائی سارہ کا پڑ رسول بخش کے زیرِ اہتمام، انجمن رضویہ گاڑی کھاتہ کی جانب سے سید گل شاہ کا پڑ سید صادقین شاہ کے زیرِ اہتمام، دھرم شالا سے جمال شاہ کا پڑ فقیر محرم علی شیخ حیدری کے زیرِ اہتمام، دھرم شالا سے سید خاکی شاہ کا پڑ غلام علی شاہ کے زیرِ اہتمام، ٹنڈو آغا سے عبداللہ کا پڑ فہیم مغل کے زیرِ اہتمام، دادن شاہ کالونی سے بھورو فقیر مرڑانی کا پڑ ان ہی کے زیرِ اہتمام، ٹنڈو میر نور محمد سے آچر پالاری کا پڑ ساجد علی پالاری کے زیرِ اہتمام برآمد ہوں گے۔

جملہ جلوس اپنے مقررہ راستوں سے گذرتے ہوئے رات گئے اپنے اپنے مقامات پر واپس پہنچ کر اختتام پذیر ہوں گے جہاں ماتمداریوں اور اجتماعی دعائوں کے بعد مومنین میں نذر و نیاز تقسیم کی جائے گی۔

متعلقہ عنوان :