ج*ہم ریلوے کو کرپشن سے پاک اور ایک مثالی ادارہ بنائیں گی: حنیف عباسی

۹ زمینی حقائق جانے بغیر کوئی پالیسی مؤثر نہیں ہو سکتی، عوامی سفری سہولتوں کی بہتری میری اولین ترجیح ہے، گفتگو وفاقی وزیر حنیف عباسی کا راولپنڈی ریلوے اسٹیشن کا دورہ، ٹرین سے لاہور روانگی،مسافروں کے تاثرات سنے

اتوار 29 جون 2025 20:45

_ لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 29 جون2025ء) وفاقی وزیر ریلوے محمد حنیف عباسی نے راولپنڈی ریلوے اسٹیشن کا اچانک دورہ کیا اور لاہور جانے والی ٹرین میں عام مسافر کی طرح سفر کا آغاز کیا۔ انہوں نے اپنی جیب سے ٹکٹ خرید کر زمینی حقائق جاننے اور مسافروں کی مشکلات سمجھنے کے لیے اس اقدام کو ضروری قرار دیا۔وفاقی وزیر نے اسٹیشن پر صفائی کی صورتحال کا جائزہ لیا، جس پر وہ مطمئن نظر آئے۔

انہوں نے انفارمیشن ڈیسک کی ورکنگ کو بھی تسلی بخش قرار دیا اور مسافروں کو سہولیات کی فراہمی میں مزید بہتری کی ہدایت جاری کی۔محمد حنیف عباسی نے جدید ٹک شاپس کے جاری کام کا معائنہ کیا اور کام جلد مکمل کرنے کی ہدایت دی۔ ان کا کہنا تھا کہ ریلوے کو جدید، شفاف اور عوام دوست ادارہ بنانے کے لیے عملی اقدامات جاری رہیں گے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ جب تک میں خود ٹرین میں سفر نہیں کروں گا، مسافروں کی اصل مشکلات کو نہیں سمجھ سکتا۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ زمینی حقائق جانے بغیر کوئی پالیسی مؤثر نہیں ہو سکتی، اس لیے عوامی سفری سہولتوں کی بہتری میری اولین ترجیح ہے۔سفر کے دوران وفاقی وزیر نے مسافروں سے بات چیت کی اور ان کے تاثرات سنے۔ انہوں نے کہا کہ دفاتر میں بیٹھ کر نہیں بلکہ فیلڈ میں جا کر عوامی خدمت کی جا سکتی ہے۔ ہم ریلوے کو کرپشن سے پاک اور ایک مثالی ادارہ بنائیں گے۔وفاقی وزیر ریلوے نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ ان کے نزدیک عہدے نہیں، بلکہ عوام کی خدمت اصل مقصد ہے۔