ستھرا پنجاب پروگرام میں کام کرنے والے ورکرز کی عید کے ایام میں خدمات قابلِ ستائش ہیں، ملک محمد احمد

اتوار 29 جون 2025 21:40

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 29 جون2025ء) سپیکر پنجاب اسمبلی ملک محمد احمد خان نے وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کے ’’ستھرا پنجاب پروگرام‘‘ کے تحت عید الاضحیٰ کے موقع پر صفائی کے شاندار انتظامات پر قصور کے محنتی ورکرز کو انعامی چیکس تقسیم کیے۔اس موقع پر انہوں نے نہ صرف حکومت پنجاب کی جانب سے دئیے گئے چیکس دئیے بلکہ ذاتی طور پر بھی اتنی ہی رقم بطور انعام ہر کارکن کو پیش کرنے کا اعلان کیا جسے شرکا نے بھرپور انداز میں سراہا۔

اس موقع پر سپیکر ملک محمد احمد خان نے ورکرز سے خطاب میں حکومت پنجاب کی قیادت کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ وزیراعلیٰ مریم نواز کا عوامی خدمت کا وژن عملی صورت اختیار کر چکا ہے جس کی بہترین مثال ستھرا پنجاب پروگرام کی کامیابی ہے۔

(جاری ہے)

سپیکر نے ستھرا پنجاب کے ورکرز کی خدمات کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ محنتی افراد ہی صوبے کی ترقی میں ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتے ہیں اور آپ جیسے باوفا اور جانفشاں افراد ہمارا فخر ہیں۔

انہوں نے کہا کہ سوسائٹی کی اصل خوبصورتی ان ہاتھوں میں ہے جو خاموشی سے خدمت کرتے ہیں۔ ملک محمد احمد خان نے مزید کہا کہ حکومت پنجاب کے ویژن کے مطابق صفائی ستھرائی کا نظام صرف ظاہری نظم و ضبط کا مظہر نہیں بلکہ ایک مہذب، صحت مند اور ترقی یافتہ معاشرے کی علامت ہے۔ستھرا پنجاب کے ورکرز کو عزت دینے سے محنت کا جذبہ مزید پروان چڑھے گا اور یہی جذبہ ہمارے صوبے کے بہتر مستقبل کی ضمانت ہے۔

انہوں نے کہاکہ ستھرا پنجاب پروگرام میں کام کرنے والے ورکرز نے عید کے ایام میں جس جانفشانی، نظم و ضبط اور فرض شناسی سے خدمات انجام دیں وہ قابلِ ستائش ہے۔آخر میں سپیکر نے ورکرز کے ساتھ اظہارِ یکجہتی کرتے ہوئے کہا کہ ہم آپ کے جذبے کو سلام پیش کرتے ہیں اور وعدہ کرتے ہیں کہ آپ کی عزت، حقوق اور فلاح ہمیشہ ہماری اولین ترجیح رہے گی۔