صوبائی وزیربلال یاسین کا واسا ہیڈ آفس کا دورہ،مون سون ا نتظامات کا جائزہ

اتوار 29 جون 2025 22:20

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 29 جون2025ء) صوبائی وزیر ہائوسنگ بلال یاسین نے واسا ہیڈ آفس میں مون سون کنٹرول روم کا دورہ کیا ۔ایم ڈی واسا غفران احمد نے وزیر ہائوسنگ بلال یاسین کو تفصیلی بریفنگ دی۔صوبائی وزیر نے رین مانیٹرنگ ڈیش بورڈ، لائیو انڈر پاسز کیمرہ مانیٹرنگ، ڈسپوزل اسٹیشن مانیٹرنگ کا جائزہ لیا اور تکنیکی سہولیات اور فیلڈ سے مربوط نگرانی کے نظام کو سراہا اور واسا ٹیم کی کارکردگی کو موثر قرار دیا۔

(جاری ہے)

اس موقع انہوں نے کہا کہ مون سون کے دوران کسی بھی ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے تمام وسائل کو بروئے کار لایا جا رہا ہے۔صوبائی وزیر نے ہدایت کرتے ہوئے شہریوں کو ریلیف فراہم کرنے کے لیے 24/7کنٹرول روم مکمل فعال رکھا جائے،تمام انڈر پاسز کی لائیو مانیٹرنگ جاری رکھی جائے تاکہ بارش کے دوران ٹریفک کی روانی متاثر نہ ہونے پائے،ڈسپوزل اسٹیشنز کی ریئل ٹائم مانیٹرنگ کے ساتھ ساتھ فیلڈ سٹاف کی حاضری اور کارکردگی کو بھی مانیٹر کیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ عوام کو بروقت آگاہی فراہم کرنے کے لیے میڈیا سیل کو متحرک رکھا جائے اور سوشل میڈیا اپ ڈیٹس باقاعدگی سے جاری کی جائیں۔