بلال یاسین اور نورالامین مینگل کا برکی روڈ پر بلاسود قرض سے بننے والے گھروں کا دورہ، تعمیراتی کاموں کا جائزہ

اتوار 29 جون 2025 22:30

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 29 جون2025ء) صوبائی وزیر ہائوسنگ بلال یاسین اور سیکرٹری نورالامین مینگل نے بلاسود قرض سے بننے والے گھروں کا دورہ کیا،اپنی چھت،اپنا گھر پروگرام کے تحت برکی روڈ لاہور پر زیر تعمیر اور تعمیر شدہ گھروں کا جائزہ لیا،مزدور، دوکاندار اور مالی کا کام کرنیوالے مکینوں نے اپنی چھت اپنا گھر پروگرام کو نعمت قرار دیا، نہ کرایہ،نہ گھر خالی کرنے کا خوف،مکینوں نے ڈھیروں دعائیں دیں،15 لاکھ روپے کا بلاسود قرض حاصل کیے بغیر اپنے گھر کا خواب،حقیقت نہیں بن سکتا تھا، اس موقع پرنورالامین مینگل نے نوجوان مکینوں کو اپنی چھت اپنا پروگرام کا ایمبیسیڈر بنانے کا اعلان کیا،فوٹو کاپی اور سٹیشنری کی دوکان چلانے والے ذیشان کو اپنی چھت اپنا گھر پروگرام کا پہلا ایمبیسیڈر بنادیا،وزیر ہائوسنگ پنجاب کا کہنا تھا کہ ہم وزیر اعلی مریم نواز کی ہدایت پر آپکی دہلیز تک آئے ہیں، بلال یاسین نے مکینوں اور زیر تعمیر گھروں کے مالکان سے سہولت ودشواری بارے استفسار کیا،گھر بیٹھے قرض ملنا اور کرائے سے کم پیسوں پر مکان مالک بننا کسی معجزے سے کم نہیں لگتا، وزیر اعلی مریم نواز نے 15 لاکھ روپے سے ایک فرد نہیں پورے خاندان کے اخراجات میں کمی اور عزت نفس کو محفوظ بنایا ہے، بغیر سفارش اور سیاسی وابستگی سے بالاتر سو فیصد میرٹ پر قرضوں کی فراہمی تاریخ میں پہلی بار ہورہی ہے، سیکرٹری نورالامین مینگل نے محکمہ ہائوسنگ کے انجینئرز کو اپنی تکنیکی مہارتوں سے غریب افراد کو بھی مستفید کرنے کی ہدایات جاری کیں۔