بارڈر ٹریڈ کی بندش نے عوام کو معاشی بدحالی میں دھکیل دیا ہے،ڈاکٹر عبدالمالک بلوچ

اتوار 29 جون 2025 22:55

کوئٹہ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 29 جون2025ء) نیشنل پارٹی کے سربراہ و سابق وزیراعلیٰ بلوچستان ڈاکٹر عبدالمالک بلوچ نے بارڈر ٹریڈ کی بندش پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ سرحدی تجارت کی بندش نے بلوچستان کے عوام کو بدترین معاشی بحران میں مبتلا کر دیا ہے، حکومت کے غیر دانشمندانہ فیصلے سے نہ صرف روزگار کے مواقع ختم ہو رہے ہیں بلکہ خطے میں غربت، بیروزگاری اور سماجی بے چینی میں بھی مسلسل اضافہ ہو رہا ہے۔

ڈاکٹر عبدالمالک بلوچ نے کہا کہ بلوچستان کے بیشتر اضلاع میں عوام کی معیشت بارڈر ٹریڈ سے وابستہ ہے، اور اس بندش کے اثرات صرف اقتصادی نہیں بلکہ سماجی اور نفسیاتی سطح پر بھی انتہائی منفی پڑ رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ دنیا میں سرحدی تجارت کو عوامی فلاح و بہبود کے تناظر میں منظم کیا جاتا ہے،مگر یہاں اسے غیر سنجیدگی سے بند کر کے عوام کو دیوار سے لگایا جا رہا ہے۔

(جاری ہے)

نیشنل پارٹی کے سربراہ نے کہا کہ نیشنل پارٹی تربت میں بارڈر ٹریڈ کی بحالی کے لیے احتجاج کی حمایت کرتی ہے۔بارڈر ٹریڈ کو فوری طور پر بحال کیا جائے بلوچستان میں پائیدار امن و خوشحالی کے لیے ضروری ہے کہ عوام کو معاشی تحفظ فراہم کیا جائے۔نیشنل پارٹی عوام کے معاشی حقوق کے تحفظ کے لیے ہر سطح پر آواز بلند کرتی رہے گی۔