سنگجانی جلسہ کیس: اسد قیصر کی ضمانت میں 6 اگست تک توسیع

انسداد دہشت گردی عدالت کے جج ابوالحسنات محمد ذوالقرنین نے کیس کی سماعت 6 اگست تک ملتوی کر دی

پیر 30 جون 2025 12:55

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 30 جون2025ء) انسداد دہشت گردی عدالت اسلام آباد نے پی ٹی آئی رہنما اسد قیصر کی ضمانت قبل از گرفتاری میں توسیع کرتے ہوئے کیس کی سماعت 6 اگست تک ملتوی کر دی۔انسداد دہشت گردی عدالت کے جج ابوالحسنات محمد ذوالقرنین نے کیس پر سماعت کی، سماعت کے دوران عدالت کو آگاہ کیا گیا کہ اسد قیصر شامل تفتیش ہو چکے ہیں تاہم ان کا بیان بذریعہ ٹیلیفونک کال آیا تھا وہ خود پیش نہیں ہوئے۔

(جاری ہے)

تفتیشی افسر نے عدالت کو بتایا کہ وہ اسد قیصر سے تفتیش کے لیے دو مرتبہ گئے مگر وہ دستیاب نہیں تھے، عدالت نے اسد قیصر کو ہدایت کی کہ وہ تفتیشی افسر سے کوآرڈینیشن کر کے اگلی سماعت تک تفتیش مکمل کرائیں۔سماعت کے دوران اسد قیصر نے عدالت کو بتایا کہ انہیں بیرون ملک جانا ہے اس لیے لمبی تاریخ دی جائے جس پر عدالت نے کیس کی سماعت 6 اگست تک ملتوی کر دی۔واضح رہے کہ اسد قیصر پر سنگجانی میں پولیس اہلکاروں پر گاڑی چڑھانے کے الزام میں مقدمہ درج ہے۔