ہری پور پولیس کی کارروائیاں، تین منشیات فروش رنگے ہاتھوں گرفتار

پیر 30 جون 2025 13:40

ایبٹ آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 30 جون2025ء) ہری پور پولیس نے منشیات فروشوں کے خلاف کارروائیوں کے دوران 3 منشیات فروشوں کو رنگے ہاتھوں گرفتار کر کے اڑھائی کلو سے زائد چرس، ہیروئن، آئس اور 25 لیٹر شراب برآمد کر لی۔ ہری پور پولیس کے مطابق ڈی پی او فرحان خان کے احکامات کی روشنی میں منشیات سے پاک ہری پور مہم کامیابی سے جاری ہے۔

(جاری ہے)

ایس ایچ او تھانہ غازی شہریار خان نے پولیس نفری کے ہمراہ کارروائی کرتے ہوئے محمد وقاص ولد محمد ریاض سکنہ خالو کو گرفتار کر کے قبضہ سے 2 کلو 104 گرام چرس اور 545 گرام ہیروئن برآمد کی۔ دوسری کارروائی میں ایس ایچ او تھانہ کوٹ نجیب اللہ محمد نواز خان نے پولیس نفری کے ہمراہ محمد فیاض ولد امتیاز سکنہ محلہ رڑیاں حطار کو گرفتار کر کے قبضہ سے 109 گرام آئس اور عثمان ولد محمد جمیل سکنہ سیکٹر نمبر 2 کانگڑہ کو گرفتار کر کے قبضہ سے 25 لیٹر شراب برآمد کر لی۔ ملزمان کے خلاف مقدمات درج کر کے تفتیش شروع کر دی گئی ہے۔