کے ایم یو سنڈیکیٹ انتخابات، مختلف فیکلٹی کیٹیگریز سے چار ممبران منتخب

پیر 30 جون 2025 17:00

پشاور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 30 جون2025ء) خیبر میڈیکل یونیورسٹی (کےا یم یو) پشاور میں سنڈیکیٹ ممبران کے انتخابات کامیابی سے منعقد ہوئے، جن میں پروفیسرز، ایسوسی ایٹ پروفیسرز، اسسٹنٹ پروفیسرز اور لیکچررز کی کیٹیگریز سے امیدواروں نے حصہ لیا۔ سنڈیکیٹ، جو کہ یونیورسٹی کا اعلیٰ ترین فیصلہ ساز ادارہ ہے، کے لیے کل 13 امیدوار میدان میں تھے۔

پروفیسرز کی کیٹیگری میں پروفیسر ڈاکٹر عنایت شاہ نے 18 ووٹ لے کر کامیابی حاصل کی۔ ایسوسی ایٹ پروفیسرز کی کیٹیگری میں ڈاکٹر مومن خان نے 17 ووٹ حاصل کر کے کامیابی حاصل کی۔

(جاری ہے)

اسسٹنٹ پروفیسرز کی نشست پر ڈاکٹر نوشاد عاصم نے 19 ووٹ لے کر کامیابی حاصل کی، جبکہ لیکچررز کی کیٹیگری میں ڈاکٹر عامر خان نے سب سے زیادہ 33 ووٹ حاصل کر کے میدان مارا۔

منتخب ہونے والے تمام ممبران نے اس عزم کا اظہار کیا کہ وہ جامعہ میں تعلیمی معیار کو بلند کرنے، تحقیق کو فروغ دینے اور یونیورسٹی و ملازمین کی فلاح و بہبود کے لیے بھرپور کردار ادا کریں گے۔ وائس چانسلر کے ایم یو پروفیسر ڈاکٹر ضیاء الحق نے نو منتخب ممبران کو مبارکباد دیتے ہوئے امید ظاہر کی کہ ان کی شمولیت کے ایم یو کے تعلیمی وژن اور ادارہ جاتی ترقی میں اہم سنگِ میل ثابت ہوگی۔