صوبائی ترقیاتی ورکنگ پارٹی کے 87 ویں اجلاس میں 17 ارب 26 کروڑ روپے کے فنڈز منظور

پیر 30 جون 2025 17:50

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 30 جون2025ء) پنجاب پلاننگ اینڈ ڈویلپمنٹ بورڈ نے مالی سال 2024-25 کے صوبائی ڈویلپمنٹ ورکنگ پارٹی کے87 ویں اجلاس میں مختلف سیکٹرز کی 13 ترقیاتی سکیموں کیلئے مجموعی طور پر 17 ارب 26 کروڑ روپے کے فنڈز اور 2 پوزیشن پیپرز کی منظوری دی گئی۔اجلاس کی صدارت چیئرمین پی اینڈ ڈی بورڈ ڈاکٹر نعیم روف نے کی۔صوبائی ورکنگ پارٹی کے اجلاس میں ترقیاتی بورڈ کی جانب سے جن سکیموں کی منظوری دی گئی ان میں صابر ٹاؤن لاہور میں آر سی سی سیورج اور ڈرینج سسٹم کی تعمیر کے لیے ایک ارب 69 کروڑ روپے ،اسلم پارک ،فاروق ٹاؤن، عدنان ٹاؤن وغیرہ میں سیوریج سسٹم کے قیام کے لیے ایک ارب 24 کروڑ کے فنڈز کی منظوری دی گئی۔

اس کے علاہ پنجاب کے مختلف اضلاع کی سڑکوں کی تعمیر و مرمت کے لیے 14 ارب 32 کروڑ کے فنڈز کی منظوری دی گئی جن میں لیہ سے کرور روڈ سڑک کی تعمیر و مرمت کے لیے 93 کروڑ روپے ، شیخوپورہ انٹرچینج سے قائد اعظم پارک تک لنک موٹروے کی سائیڈ پر پختہ سڑک کی تعمیر کے لیے ایک ارب 86 کروڑروپے ، ضلع گوجرانوالہ میں وزیر آباد سے ڈسکہ تک سڑک کی تعمیر و مرمت کے لیے 90 کروڑ روپے، لیلہ کندوال روڈ پنڈ دادن خان ضلع جہلم کی تعمیر و مرمت کے لیے ایک ارب 10 کروڑ روپے،شادی وال سے چک گیلانی ضلع گجرات دو رویہ سڑک کی تعمیر کے لیے 2 ارب روپے، چشتیاں سے ہارون آباد ضلع بہاولنگر سڑک کی تعمیر و مرمت کے لیے 1 ارب 49 کروڑ ، مظفرگڑھ سیاں وان روڈ کی تعمیر و مرمت کے لیے 83 کروڑ ، کرور سے بیحال روڈ کی تعمیر و مرمت کے لیے ایک ارب 20 کروڑ ، علی پور سے سیٹ پٹ روڈ سڑک کی تعمیر و مرمت کے لیے ایک ارب11 کروڑ ، سنگیر نالہ پر سڑک کی تعمیر اور پل کی تعمیر کے لیے ایک ارب 45 کروڑ ، سرگودہا فیصل آباد بائی پاس روڈ کی تعمیر و مرمت اور وسعت کے لیے ایک ارب61 کروڑ شامل ہے۔

(جاری ہے)

اس کے علاہ صوبائی ترقیاتی ورکنگ پارٹی کے اجلاس میں گورنمنٹ ایسوسی ایٹ کالج فار بوائز ڈی جی خان میں گاڑیوں کی خریداری کا پوزیشن پیپر اور ملتان میں پرانی واٹر سپلائی کی تبدیلی کا دورانیہ بڑھانے کے پوزیشن پیپرز کی منظوری بھی دی گئی۔ چیف اکانومسٹ مسعود انور،ممبران پی اینڈ ڈی بورڈ اور متعلقہ سیکٹرز کے افسران بھی اجلاس میں شریک ہوئے۔