صوبائی ترقیاتی ورکنگ پارٹی کے اجلاس میں 17ارب 26کروڑ کے فنڈز منظور

پنجاب کے مختلف اضلاع کی سڑکوں کی تعمیر و مرمت کے لیے 14ارب 32کروڑ کے فنڈز کی منظوری دی گئی

پیر 30 جون 2025 18:40

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 30 جون2025ء)پنجاب پلاننگ اینڈ ڈویلپمنٹ بورڈ نے مالی سال 2024-25کے صوبائی ڈویلپمنٹ ورکنگ پارٹی کے 87ویں اجلاس میں مختلف سیکٹرز کی 13 ترقیاتی سکیموں کے لیے مجموعی طور پر 17ارب 26کروڑ روپے کے فنڈز اور 2پوزیشن پیپرز کی منظوری دی گئی۔ اجلاس کی صدارت چیئرمین پی آیند ڈی بورڈ ڈاکٹر نعیم رف نے کی۔صوبائی ورکنگ پارٹی کے اجلاس میں ترقیاتی بورڈ کی جانب سے جن سکیموں کی منظوری دی گئی ان میں صابر ٹائون لاہور میں آر سی سی سیورج اور ڈرینج سسٹم کی تعمیر کے لیے ایک ارب 69 کروڑ روپے ، اسلم پارک ،فاروق ٹائون، عدنان ٹائون وغیرہ میں سیوریج سسٹم کے قیام کے لیے ایک ارب 24کروڑ کے فنڈز کی منظوری دی گئی۔

اس کے علاہ پنجاب کے مختلف اضلاع کی سڑکوں کی تعمیر و مرمت کے لیے 14ارب 32کروڑ کے فنڈز کی منظوری دی گئی جن میں لیہ سے کرور روڈ سڑک کی تعمیر و مرمت کے لیے 93کروڑ ، شیخوپورہ انٹرچینج سے قائد اعظم پارک تک لنک موٹروے کی سائیڈ پر پختہ سڑک کی تعمیر کے لیے ایک ارب 86کروڑ، ضلع گوجرانوالہ میں وزیر آباد سے ڈسکہ تک سڑک کی تعمیر و مرمت کے لیے 90کروڑ، لیلہ کندوال روڈ پنڈ دادن خان ضلع جہلم کی تعمیر و مرمت کے لیے ایک ارب 10 کروڑ، شادی وال سے چک گیلانی ضلع گجرات دو رویہ سڑک کی تعمیر کے لیے 2ارب ، چشتیاں سے ہارون اباد ضلع بہاول نگر سڑک کی تعمیر و مرمت کے لیے 1ارب 49 کروڑ ، مظفرگڑھ سیاں وان روڈ کی تعمیر و مرمت کے لیے 83کروڑ ، کرور سے بیحال روڈ کی تعمیر و مرمت کے لیے ایک ارب 20کروڑ ، علی پور سے سیٹ پٹ روڈ سڑک کی تعمیر و مرمت کے لیے ایک ارب 11کروڑ ، سنگیر نالہ پر سڑک کی تعمیر اور پل کی تعمیر کے لیے ایک ارب 45کروڑ ، سرگودہا فیصل اباد بائی پاس روڈ کی تعمیر و مرمت اور وسعت کے لیے ایک ارب 61کروڑ شامل ہے اس کے علاہ صوبائی ترقیاتی ورکنگ پارٹی کے اجلاس میں گورنمنٹ ایسوسی ایٹ کالج فار بوائز ڈی جی خان میں گاڑیوں کی خریداری کا پوزیشن پیپر اور ملتان میں پرانی واٹر سپلائی کی تبدیلی کا دورانیہ بڑھانے کے پوزیشن پیپرز کی منظوری بھی دی گئی۔

(جاری ہے)

چیف اکانومسٹ مسعود انور،ممبران پی اینڈ ڈی بورڈ اور متعلقہ سیکٹرز کے افسران بھی اجلاس میں شریک ہوئے۔