ڈاکٹر فیصل مسعود ٹیچنگ ہسپتال میں آر او پلانٹس کی تنصیب حکومت اور ہسپتال انتظامیہ کی عوام دوست سوچ کی عکاسی کرتا ہے، ایم ایس ڈاکٹر سہیل طارق

پیر 30 جون 2025 19:20

سرگودھا (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 30 جون2025ء) گورنمنٹ ڈاکٹرفیصل مسعودٹیچنگ ہسپتال سرگودھامیں صاف اورٹھنڈے پانی کی سہولت فراہم کرنے کے لیے دو عدد جدید ریورس اوسموسس واٹر پلانٹس نصب کر دیے گئے ہیں تاکہ مریضوں اور اُنکےلواحقین کو پینے کا صاف اور ٹھنڈا پانی میسر ہو سکے۔ ان خیالات کا اظہار ڈاکٹر فیصل مسعود ٹیچنگ ہسپتال کے میڈیکل سپرنٹنڈنٹ ڈاکٹر سہیل طارق نے ایک اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا ۔

انہوں نے کہا کہ ان پلانٹس کی تنصیب کامقصدمریضوں اورہسپتال میں آنےوالے افراد کو جراثیم سے پاک، محفوظ اور معیاری پانی کی فراہمی ہے تاکہ وہ گرمی سے بچائو کے ساتھ ساتھ پانی سے پھیلنے والی بیماریوں سے بھی محفوظ رہ سکیں۔ ایم ایس نے کہا کہ آر او پلانٹس ہسپتال کے داخلی راستے اور وارڈز کے قریب لگائے گئے ہیں تاکہ زیادہ سے زیادہ افراد اس سہولت سے استفادہ کر سکیں۔

(جاری ہے)

انہوں نےاس اقدام کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے کہا کہ یہ اقدام نہ صرف مریضوں کی بنیادی ضرورت کو پورا کرے گا بلکہ گرمیوں کے دوران ہیٹ اسٹروک، ڈی ہائیڈریشن اور دیگر مسائل سے بچائو میں بھی مددگار ثابت ہوگا۔ ڈاکٹر سہیل طارق نے مزید کہا کہ حکومتِ پنجاب کی ہدایت پر تمام بڑے ہسپتالوں میں صاف پانی کی سہولیات کو ترجیحی بنیادوں پر بہتر بنایا جا رہا ہے اور ڈاکٹر فیصل مسعود ٹیچنگ ہسپتال میں آر او پلانٹس کی تنصیب اسی سلسلے کی ایک کڑی ہے۔

اُنہوں نے کہا کہ یہ اقدام حکومت اور ہسپتال انتظامیہ کی عوام دوست سوچ کی عکاسی کرتا ہے۔ اجلاس میں ایڈیشنل ایم ایس ڈاکٹر نیئر عباس خان بلوچ،اے ایم ایس ڈاکٹر طارق محمود،اے ایم ایس ڈاکٹر کاشفہ بھلی،ڈاکٹر خواجہ سہیل،ڈائریکٹر فنانس حسیب احسن،چیف فارماسسٹ رانا طاہر نوید سمیت دیگر ڈاکٹرز اور پیرا میڈیکل سٹاف بھی موجود تھا۔

متعلقہ عنوان :