Live Updates

ضلع کونسل سکھر کا نئے مالی سال کا بجٹ پیش کردیا گیا

پیر 30 جون 2025 19:30

سکھر (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 30 جون2025ء) مالی سال 2025-26 کے لیے ضلع کونسل سکھر کا بجٹ پیش کر دیا گیا۔ چیئرمین ضلع کونسل سکھر سید کمیل حیدر شاہ نے ضلع کونسل سکھر کا مالی سال 2025-26 کا بجٹ پیش کیا، جو اکثریتی رائے سے منظور کر لیا گیا۔ چیئرمین ضلع کونسل سکھر سید کمیل حیدر شاہ نے بجیٹ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ مالی سال 2025-26 کا بجٹ تمام اراکین کی تجاویز کو مدنظر رکھتے ہوئے ترتیب دیا گیا ہے۔

بجٹ 2025-26 میں آمدنی کا تخمینہ 5 ارب 12 کروڑ 79 لاکھ 27 ہزار روپے رکھا گیا ہے جبکہ اخراجات کا تخمینہ 5 ارب 32 کروڑ 79 ہزار 576 روپے رکھا گیا ہے، بجٹ کا خسارہ 19 کروڑ 21 لاکھ ,51هزار 994 روپے ہے۔ اسی طرح مالی سال 2024-25 کی آمدنی کا تخمینہ 560.433 ملین، ضلع کونسل کی دکانوں کا کرایہ اور پراپرٹی ٹیکس 1.522 ملین، گزشتہ سال کی بچی ہوئی رقم 4.89 ملین جبکہ کل آمدنی کی رقم 566.849 ملین ہے۔

(جاری ہے)

چیئرمین ضلع کونسل سید کمیل حیدر شاہ نے خطاب میں مالی سال 2024-25 کے اخراجات کی تفصیل بتاتے ہوئے کہا کہ تنخواہوں کے لیے 275.940 ملین، پنشن کے لیے 80.134 ملین، ریٹائرمنٹ کی مالی معاونت کے لیے 27.95 ملین، ضلع کونسل کے دیگر اخراجات 68.24 ملین، ترقیاتی کاموں کے لیے 111.90 ملین، جن میں کل 564.79 ملین رقم خرچ ہوئی۔ چیئرمین ضلع کونسل نے مالی سال 2025-26 کی متوقع آمدنی کی تفصیل بتاتے ہوئے کہا کہ حکومت سے ملنے والے ضلع آکٹرائی ٹیکس میں 1120.866 ملین، کونسل کی دکانوں کا کرایہ اور پراپرٹی ٹیکس 5 ملین، حکومت سے متوقع سپیشل گرانٹ 4000 ملین جبکہ کل آمدنی کی رقم 5127.793 ملین ہے۔

اس اجلاس میں مالی سال 2025-26 کے متوقع تخمینے کی تفصیل، اخراجات کی تفصیل، چیئرمین اور وائس چیئرمین کی سیکرٹریٹ کے لیے مختص اخراجات، آفس برانچ، دیگر اخراجات، گرانٹس اور نئے ترقیاتی منصوبوں کے لیے مختص رقم کے بارے میں بھی تفصیلی آگاہی دی گئی۔ انہوں نے بتایا کہ ضلع کونسل کی جانب سے پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ کے تحت شہریوں کی تفریح کے لیے ایک ریزورٹ کا منصوبہ بھی رکھا گیا ہے۔

ضلع چیئرمین نے اجلاس کو بتایا کہ رکن قومی اسمبلی سید خورشید احمد شاہ کی جانب سے ایک روڈ کی تعمیر کے علاوہ ڈپٹی کمشنر سکھر کی جانب سے جنوجی روڈ، سکھر جم خانہ، ضلع کے 300 پرائمری سکولوں کے لیے واش رومز کی سہولت، واکنگ ٹریک روہڑی اور ذہین و ضرورت مند طلبہ کے لیے سکالرشپ کی تجاویز بھی سامنے آئی ہیں، جن پر مشترکہ مشاورت سے غور کیا جائے گا۔

اجلاس کے دوران ضلع کونسل سکھر کے اراکین نے اوپن فورم کے دوران تعلیم، صحت، ترقی، امن و امان، صفائی ستھرائی، سٹریٹ لائٹنگ کے علاوہ ضرورت مند خواتین کے لیے سلائی مشینوں، سولر پلیٹوں، کمیونٹی سطح پر کمپیوٹر سینٹر، لائبریری کے قیام، طلبہ کے لیے لیپ ٹاپس کی فراہمی اور دیگر عوامی سہولیات کے بارے میں تجاویز پیش کیں۔ اجلاس میں وائس چيئرمين ضلع کونسل اختر خان مہر، ڈپٹی کمشنر سکھر ڈاکٹر ایم بی راجہ دھاریجو، ایس ایس پی سکھر اظہر خان مغل، سندھ رینجرز کے کرنل عاطف اقبال خٹک، متعلقہ تمام تحصیلوں کے اسسٹنٹ کمشنرز، لوکل گورنمنٹ اور دیگر متعلقہ محکموں کے افسران اور میڈیا نمائندوں نے شرکت کی۔
Live بجٹ 26-2025ء سے متعلق تازہ ترین معلومات