بلوچستان کی ترقی خواتین کی ترقی کے بغیر ممکن نہیں،ماہ جبین شیران

پیر 30 جون 2025 19:40

کوئٹہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 30 جون2025ء) سابق رکن بلوچستان اسمبلی اور معروف سماجی و سیاسی رہنما ماہ جبین شیران نے کہا ہے کہ بلوچستان کی ترقی خواتین کی ترقی کے بغیر ممکن نہیں۔ ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ معاشرتی سدھار، تعلیم، صحت اور تحفظ کے تمام شعبوں میں خواتین کو برابر مواقع فراہم کرنا محض ایک اخلاقی تقاضا نہیں بلکہ ایک آئینی حق ہے۔

ماہ جبین شیران نے بتایا کہ انہوں نے 2018 سے 2023 تک بلوچستان اسمبلی میں خواتین کی مخصوص نشست پر خدمات انجام دیں اور اس عرصے میں وہ ہمیشہ خواتین کے مسائل کے حل کے لیے آواز بلند کرتی رہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ انہوں نے اسمبلی میں چائلڈ کئیر سینٹر کے قیام کی حمایت کی، دیہی علاقوں میں لڑکیوں کی تعلیم کو ترجیح دی اور خواتین اراکین اسمبلی کے لیے باوقار ماحول کی فراہمی کا مطالبہ کیا۔

(جاری ہے)

اس کے ساتھ ساتھ ایوان میں صنفی امتیاز کے خلاف بھی انہوں نے جرات مندانہ مؤقف اختیار کیا۔انہوں نے زور دیا کہ صرف ووٹ کا حق دینا کافی نہیں، خواتین کو قیادت، پالیسی سازی، تعلیم اور معیشت کے ہر میدان میں فعال اور مساوی شراکت دار بنانا ہوگا۔ ان کا کہنا تھا کہ بلوچستان جیسے صوبے میں، جہاں رسم و رواج اور روایتی معاشرتی ڈھانچے خواتین کی ترقی میں رکاوٹ بنتے ہیں، وہاں زیادہ ہمت، شعور اور مستقل مزاجی سے خواتین کے حقوق کے لیے کام کرنے کی ضرورت ہے۔اپنے بیان کے اختتام پر ماہ جبین شیران نے کہا کہ خود پر یقین رکھیں، تعلیم کو اپنا ہتھیار بنائیں اور خاموشی توڑ کر اپنے حقوق کے لیے باوقار آواز بلند کریں۔