اسسٹنٹ کمشنر کاامام بارگاہ چھتر اورطاہر کوٹ کا دورہ ،سکیورٹی انتظامات اورجلوس کے روٹس کا جائزہ

پیر 30 جون 2025 20:10

کوئٹہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 30 جون2025ء) اسسٹنٹ کمشنر بہادر خان کھوسہ نےامام بارگاہ چھتر اورطاہر کوٹ کا دورہ کر کےامام بارگاہوں کے منتظمین سے سکیورٹی انتظامات، مجالس کےاوقات، جلوس کے روٹس اور دیگر درپیش مسائل کے حوالے سے تفصیلی آگاہی حاصل کی۔ اس موقع پر نائب تحصیلدار محمد شاہ بھی ان کے ہمراہ تھے۔ اسسٹنٹ کمشنر بہادر خان کھوسہ نے امام بارگاہوں میں نصب سی سی ٹی وی کیمروں کا معائنہ کیا اور کیمروں کی فعالیت اور ریکارڈنگ سسٹم کو چیک کیا تاکہ سکیورٹی کے حوالے سے کوئی کمی نہ رہ جائے۔

انہوں نے کہا کہ محرم الحرام کے عشرہ اول میں امن و امان کو برقرار رکھنے کے لیے سکیورٹی کے غیر معمولی انتظامات کیے جا رہے ہیں تاکہ کسی بھی قسم کا ناخوشگوار واقعہ پیش نہ آئے۔

(جاری ہے)

انہوں نے متعلقہ اداروں کو ہدایت کی کہ امام بارگاہوں کے اطراف صفائی ستھرائی، اسٹریٹ لائٹس کی درستگی، پانی کی فراہمی اور دیگر بلدیاتی سہولیات کو بھی ہر صورت یقینی بنایا جائے۔

اسسٹنٹ کمشنر نے مزید کہا کہ ضلعی انتظامیہ، پولیس، اور دیگر قانون نافذ کرنے والے ادارے باہمی کوآرڈینیشن سے محرم الحرام کے دوران سکیورٹی پلان پر عملدرآمد کر رہے ہیں جبکہ تمام جلوسوں اور مجالس کی مانیٹرنگ کی جا رہی ہے۔ انہوں نے منتظمین سے اپیل کی کہ وہ بھی ضلعی انتظامیہ کے ساتھ مکمل تعاون کریں اور اگر کوئی مسئلہ درپیش ہو تو فوری طور پر آگاہ کریں تاکہ بروقت اس کا حل نکالا جا سکے۔

انہوں نے کہا کہ محرم الحرام کا مہینہ احترام، امن، بھائی چارے اور اخوت کا پیغام دیتا ہے، تمام مکاتب فکر کے لوگ ایک دوسرے کے جذبات کا احترام کرتے ہوئے اس ماہ کی حرمت کو برقرار رکھیں۔ اسسٹنٹ کمشنر بہادر خان کھوسہ نے اس عزم کا اظہار کیا کہ ضلع نصیر آباد میں محرم الحرام کے دوران امن و امان کی فضاء کو برقرار رکھنے کے لیے کوئی کسر نہیں چھوڑی جائے گی اور عوام کے جان و مال کے تحفظ کو یقینی بنایا جائے گا۔