سوشل میڈیا پر وائرل پاستہ فروخت کرنے والے باہمت بچے احمد کی گلشن اقبال ٹاؤن آمد

کراچی کے نواجوانوں کو کاروباری مواقع فراہم کرنے کیلئے ہر ممکن اقدامات کریں گے، ڈاکٹر فواد

پیر 30 جون 2025 21:20

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 30 جون2025ء)حالیہ دنوں سوشل میڈیا پر وائرل ہونے والے باہمت اور باحوصلہ بچے احمدجو اپنی تعلیمی ذمہ داریوں کے ساتھ ساتھ گاڑی پر پاستہ فروخت کر کے اپنے گھر کی کفالت میں ہاتھ بٹا رہا ہے، کو چیئرمین گلشن اقبال ٹاؤن ڈاکٹر فواد احمد نے دفتر مدعو کیا۔ ملاقات کے دوران احمد اور ان کے والد کی بھرپور حوصلہ افزائی کی گئی۔

ڈاکٹر فواد احمد نے احمد کے عزم، محنت اور تعلیم کے ساتھ کاروبار جاری رکھنے کے جذبے کو زبردست الفاظ میں سراہا۔ انہوں نے کہا کہ ایسے ہی نوجوانوں کے لیے گلشن اقبال میں فوڈ اسٹریٹ کا تصور پیش کیا گیا تاکہ محنت کرنے والے بچوں کو باعزت روزگار کے مواقع میسر آسکیں انہوں نے مزید کہا کہ احمد جیسے بچے معاشرے کو مثبت سمت دے رہے ہیں، ان کی سرپرستی ہم سب کی مشترکہ ذمہ داری ہے۔

(جاری ہے)

ڈاکٹر فواد نے اس بات پر زور دیا کہ اکثر جب یہ نوجوان اپنے کارٹس لے کر آتے ہیں تو انتظامیہ کی جانب سے انہیں ہٹا دیا جاتا ہے، ہمیں ایسا ماحول بنانا ہوگا جہاں ان نوجوانوں کو سہارا دیا جائے، نہ کہ ان کی حوصلہ شکنی کی جائے۔انہوں نے یقین دہانی کروائی کہ گلشن اقبال کی ٹاؤن انتظامیہ باہمت اور محنتی بچوں کے ساتھ مکمل تعاون جاری رکھے گی اور روزگار و تعلیم کے درمیان توازن قائم کرنے والوں کے لیے ہر ممکن سہولت فراہم کرے گی۔

اس موقع پر احمد نے اظہارِ خیال کرتے ہوئے کہا کہ وہ چیئرمین گلشن اقبال ٹاؤن اور ان کی ٹیم کے شکر گزار ہیں کہ انہیں مدعو کیا گیا اور حوصلہ افزائی کی گئی۔ انہوں نے کہا کہ وہ چاہتے ہیں کہ دوسرے بچے بھی تعلیم کے ساتھ چھوٹے پیمانے پر کاروبار کر کے خود کفیل بنیں، اور اگر حکومت و انتظامیہ کی سرپرستی ہو تو ایسے ہزاروں احمد معاشرے میں روشن مثال بن سکتے ہیں۔