بیوروکریسی کو عوامی مسائل کے حل میں رکاوٹ نہیں بننا چاہیے ،مولانا ہدایت الرحمان بلوچ

بدقسمتی سے اکثرسرکاری دفاتررشوت کے بازار بن گئے ہیں ،امیر جماعت اسلامی بلوچستان ایم پی اے

پیر 30 جون 2025 22:00

کوئٹہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 30 جون2025ء)امیر جماعت اسلامی بلوچستان ایم پی اے مولانا ہدایت الرحمان بلوچ نے کہاہے کہ بیوروکریسی کو عوامی مسائل کے حل میں رکاوٹ نہیں بننا چاہیے بدقسمتی سے اکثرسرکاری دفاتررشوت کے بازار بن گئے ہیں مسائل کے حل کی چابی رشوت بنا دی گئی ہے عوامی مسائل کے حل دنیا وآخرت کی کامیابی ترقی اورخوشحالی کیلئے نجی بالخصوص سرکاری بیوروکریسی کیلئے ایمانداری، دیانتداری صالحیت وقت کی اہم ضرورت ہے جماعت اسلامی کے ممبران اسمبلی ہروقت عوام کے مسائل کے حل کیلئے تیار ہیں عوامی بیٹھک کے ذریعے نچلی سطح پرچھوٹت بڑے عوامی مسائل حل کرنے کی کوشش کریں گے دوردرازعلاقوں کے سائیلین کیساتھ کوئٹہ شہرکے شہری بھی خواہ وہ جماعت اسلامی کے ہوں یانہ ہوں اپنے جائز مسائل کے حل کیلئے جماعت اسلامی کے عوامی بیٹھک دفتر آسکتے ہیں ،بڑے قومی اجتماع مسائل کے حل حقوق کے حصول ظلم وجبر،لاقانونیت کے خاتمے کیلئے 25جولائی اسلام آباد کی طرف لانگ مارچ کریں گے ۔

(جاری ہے)

ان خیالات کا اظہارانہوں نے جماعت اسلامی کے صوبائی دفتر میں عوامی مسائل کے حل کیلئے ’’عوامی بیٹھک ‘‘دفتر کے افتتاح کے موقع پر تقریب سے خطاب اور میڈیا سے گفتگوکے دوران کیا قبل ازیں انہوں ربن کاٹ کر ’’عوامی بیٹھک ‘‘دفتر کا افتتاح کیا تقریب میں جماعت اسلامی کے صوبائی جنرل سیکرٹری مرتضیٰ خان کاکڑ،نائب امراء زاہدا ختر بلوچ ،بشیراحمدماندائی ،مولانا عبدالکبیر شاکر،مولانا محمد عارف دمڑ،پروفیسرمولانا محمد ایوب منصور ،امیر ضلع کوئٹہ عبدالنعیم رند ،پروفیسر سلطان محمد کاکڑ،مولانا عبدالناصر شہاب زئی ،سلطان محمد محنتی ،نقیب اللہ اخوانی ،اعجا زمحبوب ودیگرذمہ داران شریک تھے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے مولانا ہدایت الرحمان بلوچ نے کہاکہ واپڈاگیس فون ہسپتال نادرہ سمیت دیگر محکموں کے ستائے ہوئے سائیلین کیلئے ہم نے ’’عوامی بیٹھک ‘دفتربنالیامعمولی انفرادی جھگڑے بھی قومی قبائلی جھگڑے ودشمنیاں بن جاتی ہے ان کا بروقت دیانت داری سے حل بڑے جانی ومالی نقصانات سے بچاسکتے ہیں۔

نفرتوں تعصب زیادتی ناانصافی کا خاتمہ وقت کی اہم ضرورت ہے سائیلین وشہری بلاکسی خوف وخطر کے جائز مسائل کے حل کیلئے جماعت اسلامی کے دفاتر آسکتے ہیں ۔کوئٹہ میں عوامی مسائل کے حل کیلئے ’’عوامی بیٹھک دفتر ‘‘کی کامیابی کے بعد اضلاع میںبھی شروع کریں گے ۔بیوروکریسی کو عوام کا خادم ہونا چاہیے بدقسمتی سے سرکاری دفاترمیں سائیلین جاتے ہوئے ڈرتے ہیں رشوت کابازارگرم ہونے کی وجہ سے دیانت دار آفیسرزبھی بدنام ہورہے ہیں جب تک راشی آفیسرزکورشوت نہیں دی جاتی جائز کام کی فائلیں گم ہوجاتی ہیں جو لمحہ فکریہ اور عوامی پریشانی کا بنیادی سبب ہے رشوت لینے والوں کی زندگی تلخ ،پریشانی مشکلات میں اضافہ اور سکون وبرکت ان کی زندگی سے غائب ہوجاتی ہے بیوروکریسی کو ذہنی سکون ،دنیاوآخرت کی کامیابی کیلئے حرام مال دولت اکھٹاکرنے کے بجائے آخرت کی فکر کرنی چاہیے ۔

جماعت اسلامی کا عوامی مسائل کواجاگراوران کے حل کیلئے ’’عوامی بیٹھک ‘‘دفتر انشاء اللہ سنگ میل ثابت ہوگا دفتر میں خدمت کے جذبے سے سرشار نمائندے وذمہ داران بیٹھے ہوں گے جوجائز عوامی مسائل نیک نیتی سے سن کر نوٹ کریں گے اوران کے حل کیلئے ہر ممکن جدوجہد کریں گے یہ سب کام صرف اللہ کی رضاوخوشنودی اورعوامی مشکلات کم کرنے کیلئے کریں گے شہرمیں سماجی فلاحی تنظیمیں ونمائندوں کو شہریوں کے مسائل کے حل میں عملی نیک نیتی واخلاص اور دیانت داری سے کردار ادا کرنا چاہیے ۔