کے الیکٹرک صارفین کیلیے اچھی خبر، بجلی کی قیمت میں کمی کا امکان

نیپرا نے کے الیکٹرک کی درخواست پر سماعت مکمل کرلی، فیصلے کی صورت میں صارفین کو بلوں میں ریلیف مل سکے گا، ترجمان

پیر 30 جون 2025 22:20

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 30 جون2025ء)کے الیکٹرک صارفین کیلیے بجلی کی قیمت میں تقریبا 5 روپے تک کمی کا امکان ہے۔ترجمان کے الیکٹرک کے مطابق اپریل 2025 کے ماہانہ فیول چارجز ایڈجسٹمنٹ (FCA) کی درخواست پر نیپرا نے سماعت مکمل کرلی۔ ترجمان کے مطابق نیپرا نے پیر کے روز کے الیکٹرک کی اپریل 2025 کے عبوری ماہانہ فیول چارجز ایڈجسٹمنٹ (FCA) کی درخواست پر سماعت مکمل کر لی۔

سماعت میں کے الیکٹرک نے فی یونٹ 4.69 روپے ریلیف کی درخواست پیش کی۔ ترجمان کے مطابق عوامی سماعت سے قبل وزارت توانائی (پاور ڈویژن) کی درخواست موخر کی گئی تھی۔ترجمان کے مطابق نیپرا تمام اسٹیک ہولڈرز کی آرا کو مدنظر رکھتے ہوئے ماہانہ فیول چارجز ایڈجسٹمنٹ کی رقم سے متعلق فیصلہ جاری کرے گا، جس کو صارفین کے بلوں میں منتقل کیا جائے گا۔

(جاری ہے)

کے الیکٹرک ترجمان نے کہا کہ فیول ایڈجسٹمنٹ چارجز کا اطلاق متعلقہ مدت پر ہوگا، ایندھن کی عالمی قیمتوں میں اتار چڑھا اور بجلی کی پیداوار میں استعمال ہونے والے مختلف ذرائع (جنریشن مکس) کی بنیاد پر فیول چارجز ایڈجسٹمنٹ (FCA) لاگو ہوتی ہے۔

ترجمان کے مطابق یہ لاگت نیپرا کی منظوری کے بعد صارفین کے بلوں میں شامل کی جاتی ہے۔ جب ایندھن کی عالمی قیمتوں میں کمی واقع ہوتی ہے تو صارفین کو ان کے بلوں میں منفی FCA کا فائدہ بھی پہنچتا ہے۔کے الیکٹرک نے نیپرا کے سامنے جون 2023 کے بعد کے الیکٹرک پاور پلانٹس کے جنریشن ٹیرف کے تعین کے مطابق، پارٹ لوڈ، ڈگریڈیشن کرف اور اسٹارٹ اپ اخراجات کی ایڈجسٹمنٹ بھی پیش کی اور ان اخراجات کی منفی فیول کاسٹ ویری ایشن کے تحت ریکوری کی درخواست کی تاکہ صارفین کو مستقبل میں اضافی بوجھ سے بچایا جاسکے۔ریگولیٹری اتھارٹی کے فیصلے کے مطابق فیول ایڈجسٹمنٹ چارجز میں کمی کا اطلاق لائف لائن، ڈومیسٹک، پروٹیکٹڈ، الیکٹرک وہیکل چارجنگ اسٹیشنز کے پری پیڈ صارفین پر نہیں ہوگا۔