عالمی بے حسی کو آئینہ دکھانے اور غزہ کے شہید بچوں کی یاد میں نیدرلینڈز میں انوکھا احتجاج

پیر 30 جون 2025 22:40

ایمسٹرڈیم (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 30 جون2025ء) عالمی بے حسی کو آئینہ دکھانے اور غزہ کے شہید بچوں کی یاد میں نیدرلینڈز میں انوکھا احتجاج کیا گیا۔فلسطینی عوام پر اسرائیلی مظالم کے خلاف لو گوں نے نیدرلینڈز کے شہر المیرے کے ٹاؤن اسکوائر میں بچوں کے ہزاروں جوتے سڑک پر رکھ کر احتجاج ریکارڈ کروایا گیا۔احتجاج میں یوں دکھائی دیا کہ جوتے توموجود ہیں مگر بچے کہیں کھو گئے ہیں۔

(جاری ہے)

غزہ میں جاری اسرائیلی مظالم کے خلاف اور بچوں کے حق میں لوگوں نے بچوں کے ہزاروں جوتے رکھ کر احتجاج کیا۔ نیدرلینڈز میں گزشتہ سال بھی غزہ کے بچوں کے حق میں اس طرح کے مظاہرے کیے گئےتھے ۔مقامی تنظیم نے ڈچ شہر روٹرڈیم کے مرکزی چوک میں بچوں کے 8 ہزار جوتے رکھ کر عالمی بے حسی کو آئینہ دکھانے کی کوشش کی تھی۔ اقوام متحدہ کے ادارے یونیسیف کی ایک رپورٹ کے مطابق غزہ میں اکتوبر 2023 سے جاری اسرائیلی حملوں میں اب تک 50 ہزار بچے شہید یا زخمی ہوچکے ہیں۔ واضح رہے کہ غزہ میں جاری اسرائیلی حملوں میں اب تک 56 ہزار سے زائد فلسطینی شہید ہوچکے ہیں اور ایک لاکھ سے زائد لوگ زخمی ہیں جب کہ اس وقت غزہ میں خوراک کی شدید قلت ہے۔