سیدناامام حسین ؓنے ظلم سے نفرت اور مظلوم کی حمایت کی بات کی‘جے یو آئی(س)

اہل اقتدارعدل و مساوات پر مبنی امو ر مملکت چلانے والے خلفا راشد ینؓ کی سیر ت کا مطالعہ کریں

منگل 1 جولائی 2025 15:36

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 01 جولائی2025ء)جمعیت علما ئے اسلام( س) پنجاب کے امیر پیر عبدالقدوس نقشبندی، ناظم اعلی مولانا ایوب خان، سیکرٹری اطلاعات ومرکزی سالار مولانا قاری اعظم حسین ،ناظم اعلی لاہور مولانا طیب عثمانی، نائب امیر مولانا صلاح الدین ایوبی، قاری رحمت اللہ لاشاری، پیر اکبر ساقی ،مولانا عبیداللہ بھکر، مولانا عرفان شاکر ودیگرذمہ داران نے اپنے مشترکہ بیان میں کہاکہ سیدناامام حسین ؓنے ظلم سے نفرت اور مظلوم کی حمایت کی بات کی،مسلم حکمران اسوہ حسنہ اور خلفا راشدین ؓکی سیرت سے ناواقفیت کی وجہ سے نا کامیوں سے دو چا ر ہیں،اہل اقتدارعدل و مساوات پر مبنی امو ر مملکت چلانے والے خلفا راشد ینؓ کی سیر ت کا مطالعہ کریں۔

(جاری ہے)

انہو ں نے مزید کہاکہ شہادت سیدنا حسین رضی اللہ تعالی عنہ کا اصل پیغام اسلامی تعلیمات پر عمل پیرا ہونا ہے اس وقت ملک میں سامراجی طاقتیں اور ان کے ایجنٹ سازشوں میں تیزی سے مصروف ہیں اور اسلام و ملک دشمن ایجنڈے کو پورا کرنے کے لیے طرح طرح کی سازشیں کررہے ہیں، ملک میں مہنگائی سمیت دیگر مسائل کا طوفان بھی ان ہی سازشوں کی ایک کڑی ہے انہوں نے یہ بھی کہا کہ سیدنا حضرت حسینؓ کو خراج عقیدت پیش کرنے کا بہترین طریقہ آپؓ کی سیرت کو مشعل راہ بنانا ہے اور اسلام کی سر بلندی کے لیے اپنی جانیں قربان کر دینا ہے۔