فوادچوہدری کی نو مئی کیسز میں چالان سمیت دیگر دستاویزات کی فراہمی کی درخواست مسترد

منگل 1 جولائی 2025 16:08

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 01 جولائی2025ء) لاہور ہائیکورٹ نے سابق وفاقی وزیرفواد چوہدری کی ۹ مئی کے کیسز میں چالان سمیت دیگر دستاویزات کی فراہمی کیلئے دائر درخواست مسترد کردی۔ جسٹس شہباز رضوی کی سربراہی میں دو رکنی بنچ نے فواد چوہدری کی درخواست پر فیصلہ سنایا۔

(جاری ہے)

درخواست گزار نے موقف اختیار کیا کہ فیصل آباد میں جاری نو مئی کے کیسز میں چالان کی نقول فراہم نہیں کی گئی اور نا ہی گواہوں کی فہرست دی گئی، یہ تمام دستاویزات فراہم کرنے کی قانون بھی اجازت دیتا ہے، ٹرائل کورٹ نے حقائق کے برعکس دستاویزات کی فراہمی کے لیے درخواست خارج کی، استدعا کی گئی کہ عدالت فیصل آباد کے کیسز میں متعلقہ دستاویزات فراہم کرنے کا حکم دے۔

پراسکیوشن نے درخواست کی مخالفت کی اور استدعا کی کہ درخواست خارج کی جائے۔ عدالت نے وکلا کے دلائل کے بعد فیصلہ محفوظ کیا تھا۔ عدالت نے فواد چوہدری کی درخواست پر محفوظ فیصلہ سناتے ہوئے درخواست خارج کردی اور ٹرائل کورٹ کا فیصلہ بحال رکھا۔