وزیراعلی خیبر پختونخوا علی امین گنڈاپور سے پولیو اور سائٹ بورڈ ممبران پر مشتمل وفد کی ملاقات، پولیو وائرس کے خاتمے بارے تبادلہ خیال

جمعرات 3 جولائی 2025 16:22

وزیراعلی خیبر پختونخوا علی امین گنڈاپور سے پولیو اور سائٹ بورڈ ممبران ..
پشاور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 03 جولائی2025ء) وزیراعلی خیبر پختونخوا علی امین گنڈاپور سے پولیو اور سائٹ بورڈ ممبران پر مشتمل وفد نے ملاقات کی، اس موقع پر وزیراعلیٰ سردار علی امین گنڈاپور نے کہا کہ پولیو وائرس کا خاتمہ ایک قومی اور بین الاقوامی فریضہ ہے۔وزیر اعلی ہاوس پشاور حکام کی جانب سے جاری شدہ تفصیلات کے مطابق وزیراعلی خیبر پختونخوا علی امین گنڈاپور سے پولیو اور سائٹ بورڈ ممبران پر مشتمل وفد نے ملاقات کی ہے ، جس کی قیادت پولیو اورسائٹ بورڈ کے سربراہ ڈاکٹر کرسٹوفر الیئس کر ریے تھے، دیگر اراکین میں عالمی ادارہ صحت، یونیسف، روٹری انٹرنیشنل اور دیگر پارٹنر اداروں کے نمائندے شامل تھے۔

انسداد پولیو کے لئے وزیر اعظم کی فوکل پرسن عائشہ فاروق کے علاوہ نیشنل اور پراونشل ایمرجنسی آپریشن سنٹرز کے اعلی حکام بھی اس موقع پر موجود تھے، ملاقات میں خیبر پختونخوا میں پولیو وائرس کے خاتمے سے متعلق معاملات پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔

(جاری ہے)

اس دوران صوبے میں پولیو وائرس کے خاتمے کے لئے کوششوں کو مزید مربوط، موثر اور نتیجہ خیز بنانے پر اتفاق کیا گیا۔

وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈاپور نے کہا کہ خیبر پختونخوا حکومت صوبے کو پولیو وائرس سے پاک کرنے کے لئے بین الاقوامی شراکت دار اداروں کے تعاون کو قدر کی نگاہ سے دیکھتی ہے، پولیو وائرس کا خاتمہ ایک قومی اور بین الاقوامی فریضہ ہے، موجودہ صوبائی حکومت صوبے سے اس وائرس کے خاتمے کے لئے نہ صرف پرعزم ہے بلکہ نتیجہ خیز اقدامات بھی اٹھا رہی ہے۔

علی امین گنڈاپور نے مزید کہا کہ صوبائی حکومت حفاظتی ٹیکہ جات کے پروگرام کو مستحکم بنانے کے لئے خصوصی اقدامات کر رہی ہے، ہم ہر علاقے اور ضلع کی مخصوص حالات کے مطابق انسداد پولیو مہم ترتیب دے رہے ہیں، انسداد پولیو مہم کو مزید موثر اور نتیجہ خیز بنانے کے لئے منتخب عوامی نمائندوں اور علماء کی خدمات حاصل کررہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ منتخب عوامی نمائندے اور علماء اپنے اپنے علاقوں میں لوگوں کو انسداد پولیو مہم کی اہمیت اور افادیت کے بارے اگہی دیں، منتخب عوامی نمائندے اور علمائے کرام پولیو کے قطروں سے متعلق عوام کے ذہنوں میں پائے جانے والے خدشات کو دور کرنے میں اپنا کردار ادا کریں، ہم ایک نئے عزم اور موثر حکمت عملی کے ساتھ انسداد پولیو مہم کو آگے بڑھا رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ امید ہے کہ شراکت دار اداروں کا تعاون مزید بہتر انداز میں جاری رہے گا۔