ضلع حویلی میں حادثہ،محکمہ جنگلات کا افسر طاہرراٹھور جاں بحق

علاقہ مکینوں اور سماجی و سیاسی حلقوں کی جانب سے نیل فری سڑک کی خستہ حالی پر شدید تشویش کا اظہار

منگل 1 جولائی 2025 16:42

مظفرآباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 01 جولائی2025ء)ضلع حویلی کے سیاحتی مقام نیل فری میں ایک افسوسناک حادثے کے نتیجے میں محکمہ جنگلات کا ایک فرض شناس افسر طاہر راٹھور جاں بحق ہو گیا۔ حادثہ اس وقت پیش آیا جب محکمہ جنگلات کی سرکاری گاڑی خراب سڑک کے باعث بے قابو ہو کر گہری کھائی میں جا گری۔مرحوم طاہر راٹھور ایک خوش اخلاق، دیانت دار اور ملنسار شخصیت کے مالک تھے، جن کی ناگہانی وفات پر علاقے بھر میں گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا جا رہا ہے۔

ان کے انتقال کو مقامی حلقوں نے ایک ناقابل تلافی نقصان قرار دیا ہے۔اس سانحے کے بعد علاقہ مکینوں اور سماجی و سیاسی حلقوں کی جانب سے نیل فری سڑک کی خستہ حالی پر شدید تشویش کا اظہار کیا گیا ہے۔ صدر سادات گیلانی بساہاں، سید محمد رزاق گیلانی نے اپنے اخباری بیان میں کہا کہ نیل فری کی سڑک کی ابتر حالت اور متعلقہ اداروں کی عدم توجہی کئی مرتبہ نشاندہی کے باوجود برقرار ہے۔

(جاری ہے)

ان کا کہنا تھا کہ اس حادثے کو محض اتفاق نہیں کہا جا سکتا بلکہ یہ ایک عرصہ سے جاری غفلت اور ناقص منصوبہ بندی کا نتیجہ ہے۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ سڑک کو فوری طور پر کشادہ اور محفوظ بنایا جائے تاکہ مستقبل میں ایسے حادثات سے بچا جا سکے۔عوامی حلقوں نے حکومت آزاد کشمیر، محکمہ شاہرات اور ضلعی انتظامیہ سے اپیل کی ہے کہ نیل فری سمیت دیگر سیاحتی مقامات کی سڑکوں کی مرمت اور حفاظت کو ترجیحی بنیادوں پر یقینی بنایا جائے تاکہ قیمتی انسانی جانوں کا تحفظ ممکن ہو سکے۔مرحوم طاہر راٹھور کے انتقال پر گہرے دکھ کا اظہار کرتے ہوئے دعا کی گئی ہے کہ اللہ تعالیٰ انہیں جنت الفردوس میں اعلیٰ مقام عطا فرمائے اور لواحقین کو صبر جمیل عطا کرے۔ آمین۔