عوام کو زبردستی نئی نمبر پلیٹس لگانے پر مجبور کرنے کا سلسلہ بند کیا جائے،پاسبان

سندھ حکومت ٹریفک کورٹس قائم کر کے کراچی کے عوام کو مزید لوٹنا چاہتی ہے،پاسبان شہرکراچی میں وسل بجائو، کرپشن مکائو تحریک چلائے گی،طارق چاندی والا

منگل 1 جولائی 2025 17:07

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 01 جولائی2025ء)پاسبان ڈیموکریٹک پارٹی کراچی کے چیف آرگنائزر طارق چاندی والا نے کہا ہے کہ سندھ حکومت کراچی میں ٹریفک کورٹس قائم کرکے شہریوں کو لوٹنے کی ایک نئی اسکیم پر عمل پیرا ہے۔ صوبے کے وزیر اعلی ، چوروں اور ڈاکئوں کے بجائے ،عوام کی سرپرستی کریں۔صوبائی حکومت مخلص ہے تو عدلیہ کے ججز کی تعداد میں اضافہ کرے تاکہ لوگوں کو فوری انصاف مل سکے۔

پہلے ہی نمبر پلیٹس کے نام پر عوام سے اربوں روپے بٹورے جا چکے ہیں، اب عدالتوں کی شکل میں ایک اور بوجھ عوام پر ڈالنے کی تیاری ہو رہی ہے۔ سندھ حکومت کی جانب سے جاری کردہ نئی نمبر پلیٹس کا مقصد اصلاحات نہیں بلکہ کرپشن کا نیا ذریعہ پیدا کرنا ہے۔ ان مہنگی اور غیر ضروری نمبر پلیٹس کے باعث شہری ذہنی و مالی اذیت کا شکار ہیں، جب کہ ان کی وجہ سے صوبے میں چوری شدہ اور غیر قانونی گاڑیوں کی بھرمار کا خطرہ بڑھ گیا ہے۔

(جاری ہے)

نئی نمبر پلیٹس کی آڑ میں جعل سازی اور دھوکہ دہی کے امکانات میں بھی اضافہ ہو رہا ہے۔ جب تک ٹریفک کا بنیادی نظام درست نہیں ہوگا، سڑکوں کی حالت بہتر نہیں کی جائے گی، ٹریفک پولیس کو کرپشن سے پاک نہیں کیا جائے گا اور عوامی سہولتوں کو ترجیح نہیں دی جائے گی، تب تک اس قسم کے اقدامات عوام دشمنی کے مترادف ہی تصور کیے جائیں گے۔پاسبان شہر کراچی میں وسل بجائو، کرپشن مکائو تحریک چلائے گی۔

انہوں نے مطالبہ کیا کہ سندھ حکومت فوری طور پر عوام کو زبردستی نئی نمبر پلیٹس لگانے پر مجبور کرنے کا سلسلہ بند کرے۔ ٹریفک عدالتوں کے قیام سے قبل مکمل شفاف اور قابل اعتماد نظام وضع کیا جائے۔ سب سے پہلے کراچی کی سڑکوں، ٹریفک سگنلز، پارکنگ اور ٹریفک قوانین پر عملدرآمد کو یقینی بنایا جائے۔پاسبان کراچی کے عوام کے ساتھ ہے اور ہر فورم پر ان کے حق میں آواز بلند کرتی رہے گی