پروفیسر ڈاکٹر احمد سعد الاحمدنے بطور صدر بین الاقوامی اسلامی یونیورسٹی عہدے کا چارج سنبھال لیا

منگل 1 جولائی 2025 21:49

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 01 جولائی2025ء) پروفیسر ڈاکٹر احمد سعد الاحمد نے بین الاقوامی اسلامی یونیورسٹی اسلام آباد کے صدر کے عہدے کا چارج سنبھال لیا۔نیو کیمپس پہنچنے پر یونیورسٹی کے ریکٹر پروفیسر ڈاکٹر مختار احمد نے نائب صدور پروفیسر ڈاکٹر احمد شجاع سید اور پروفیسر ڈاکٹر عبدالرحمن کے ہمراہ ان کا پرتپاک استقبال کیا۔

استقبالیہ میں ڈینز، ڈائریکٹر جنرل، ڈائریکٹرز، فیمیل کیمپس کی انچارج اور انچارج پروٹوکول سمیت انچارج تعلقات عامہ بھی شامل تھے۔بین الاقوامی اسلامی یونیورسٹی اسلام آباد کی جانب سے منگل کو جاری پریس ریلیز کے مطابق پروفیسر ڈاکٹر احمد سعد نے ریکٹر کے ساتھ ان کے دفتر میں ون آن ون ملاقات کی جس کے دوران انہوں نے ادارہ جاتی ترقی، تعلیمی معیار کی بہتری، طلبا پر مرکوز اقدامات اور یونیورسٹی کے بین الاقوامی مقام سے متعلق اہم امور پر تبادلہ خیال کیا۔

(جاری ہے)

قبل ازیں پروفیسر ڈاکٹر احمد شجاع سید نے باضابطہ طور پر پروفیسر ڈاکٹر احمد کو چارج سونپا اور اس موقع پر جامعہ کی مستقبل کی ترقی کے لیے اجتماعی دعا بھی کی گئی۔بعد ازاں صدر جامعہ کے اعزاز میں استقبالیہ دیا گیا جہاں ریکٹر پروفیسر ڈاکٹر مختار احمد نے ٹیم ورک اور اتحاد کی اہمیت پر روشنی ڈالی۔ انہوں نے کہا کہ آج کا دن ایک اہم سنگ میل ہے کیونکہ آج ہمارے پاس ایک نئے صدر جامعہ کی صورت میں اس ادارے کو بہتری کی طرف لے جانے والا لیڈر موجود ہے۔

انہوں نے یونیورسٹی کمیونٹی کو مخاطب کرتے ہوے پیشہ ورانہ مہارت اور اتحاد کے ساتھ کام کرنے پر زور دیا۔ ریکٹر نے جامعہ کے ساتھ مسلسل تعاون پر سعودی عرب کا شکریہ ادا کیا اور خاص طور پر امام محمد ابن سعود اسلامی یونیورسٹی کے تعاون کا بھی ذکر کیا۔استقبالیہ تقریب سے خطاب میں پروفیسر ڈاکٹر احمد سعد الاحمد نے پرتپاک استقبال پر ریکٹر اور یونیورسٹی حکام کا شکریہ ادا کیا اور یونیورسٹی کے مشن کے ساتھ اپنی وابستگی کا اظہار کیا۔

انہوں نے کہا کہ اسلام ہمیں ایک قوم کے طور پر متحد کرتا ہے ۔ انہوں نے مزید کہا کہ اس جامعہ کے دروازے طلبا، اساتذہ اور عملے کے لیے کھلے ہیں۔ انہوں نے ریکٹر جامعہ کی طرف سے اجتماعیت کے فروغ اور اختلافات کو بھلانے کی نصیحت کو بھی دوہرایا۔ صدر اور ریکٹر نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ طلباء کی فلاح و بہبود اور تعلیمی ترقی یونیورسٹی کے لیے ہمارے مشترکہ وژن کا مرکز رہے گی۔