والدین نے شادی کے بعد علیحدگی اختیار کی لیکن بڑھاپے کی وجہ سے پھر ایک ہوگئے: کرینہ کا انکشاف

منگل 1 جولائی 2025 22:53

والدین نے شادی کے بعد علیحدگی اختیار کی لیکن بڑھاپے کی وجہ سے پھر ایک ..
ممبئی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 01 جولائی2025ء) بالی وڈ اداکارہ کرینہ کپور نے اپنے والدین کے رشتے سے متعلق انکشاف کیا ہے۔حال ہی میں بھارت کی خاتون صحافی سے گفتگو کے دوران کرینہ نے بتایا کہ ان کے والدین کی محبت کی شادی تھی، اس کے باوجود ان لوگوں نے شادی کے چند سالوں بعد علیحدگی اختیار کرلی تھی۔اداکارہ نے کہا کہ والدین کے درمیان ہم آہنگی کا فقدان تھا جس کے باعث چھوٹی چھوٹی باتوں پر بحث اور لڑائی جھگڑے معمول بن گئے تھے، اسی لیے دونوں نے فیصلہ کیا کہ ایک دوسرے سے الگ ہوجانا چاہیے۔

کرینہ کے مطابق دونوں میں طلاق نہیں ہوئی تھی، کچھ عرصے کے لیے علیحدگی اختیار ضرور کی تھی لیکن بعدازاں دونوں پھر ایک ہوگئے۔اداکارہ نے مزید بتایا کہ دونوں بڑھاپے میں ایک دوسرے کے ساتھ زندگی گزارنا چاہتے تھے، یہی وجہ تھی کہ انہوں نے علیحدگی ختم کرکے ایک ساتھ رہنے کا فیصلہ کیا۔

(جاری ہے)

کرینہ کپور نے کہا کہ ان کی بہن کرشمہ ان کے خاندان کی پہلی لڑکی تھیں جو فلموں میں آئیں، اور اس کا سہرا ان کی والدہ ببیتا کے سر جاتا ہے جنہوں نے کرشمہ کے فیصلے پر ان کا ساتھ دیا اور والد رندھیر کپور نے بھی رضامندی دی۔

رندھیر کپور کو ببیتا سے اس وقت محبت ہوئی جب انہوں نے ببیتا کو اپنے والد راج کپور کی فلم سنگم کے سیٹ پر پہلی بار دیکھا، ببیتا نے 1969 میں رندھیر سے ملاقات سے چند عرصہ قبل ہی فلموں میں ڈیبیو کیا تھا، دونوں 1971 میں دونوں رشتہ ازدواج میں منسلک ہوئے۔