اوقاف کی 8102 ایکڑ اراضی واگزار کرانے کیلئے ایکشن پلان کی منظوری

چوہدری شافع حسین کی زیر صدارت اجلاس، ناجائز قبضے ختم کر کے اراضی فلاحی منصوبوں کیلئے استعمال ہوگی

منگل 1 جولائی 2025 23:02

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 01 جولائی2025ء)صوبائی وزیر اوقاف و مذہبی امور چوہدری شافع حسین کی زیر صدارت پیسک ہاؤس لاہور میں اہم اجلاس منعقد ہوا جس میں محکمہ اوقاف کی زمینوں پر ناجائز قبضے ختم کرنے کے لیے ایکشن پلان کی منظوری دے دی گئی۔اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ 8102 ایکڑ اراضی ناجائز قابضین سے واگزار کرائی جائے گی۔ اس زمین کو عوامی فلاحی منصوبوں کے لیے بروئے کار لایا جائے گا۔

چوہدری شافع حسین نے کہا کہ اوقاف کی زمینوں پر سعودی سرمایہ کاروں کی دلچسپی خوش آئند ہے۔

(جاری ہے)

اجلاس میں تمام اراضی کی ڈیجیٹائزیشن، قانونی مقدمات کا فالو اپ، رہائشی و کرایہ دارانہ قبضے کی ریگولرائزیشن پالیسی، اور واگزاری کے لیے خصوصی کمیٹی کی تشکیل جیسے اقدامات پر بھی اتفاق ہوا۔وزیر اوقاف نے مزید ہدایت کی کہ تمام مزارات پر سی سی ٹی وی کیمرے نصب کیے جائیں، سیکیورٹی کمپنیوں کے اہلکاروں کی تنخواہوں میں اضافہ کیا جائے اور محکمہ اوقاف کی ہیلتھ سروسز کو بہتر بنایا جائے۔

اجلاس میں سیکرٹری اوقاف ڈاکٹر طاہر رضا بخاری، ایڈوائزر کامران عثمانی، ڈی جی اوقاف اور دیگر افسران شریک ہوئے۔ وزیر اوقاف نے واضح کیا کہ رواں مالی سال میں اوقاف کی ترقیاتی سکیموں کے لیے 3 ارب روپے مختص کیے گئے ہیں۔