گورنر پنجاب نے ہراسمنٹ کیس میں گریڈ 20 کے افسر معظم سپرا کو بری کر دیا

منگل 1 جولائی 2025 23:02

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 01 جولائی2025ء)گورنر پنجاب سردار سلیم حیدر نے ہراسمنٹ کیس میں گریڈ 20 کے افسر معظم سپرا کو باعزت بری کر دیا۔ گورنر کی جانب سے جاری تحریری فیصلے میں خاتون صوبائی محتسب نبیلہ حاکم علی کے معظم سپرا کے خلاف فیصلے کو اختیارات سے تجاوز اور قانون کے برعکس قرار دیا گیا ہے۔فیصلے میں کہا گیا ہے کہ معظم سپرا کے خلاف فیصلہ حکمِ امتناعی کے باوجود جاری کیا گیا جو کہ غیر قانونی عمل تھا۔

(جاری ہے)

انہیں نہ تو کوئی نوٹس دیا گیا اور نہ ہی صفائی کا موقع، بلکہ یک طرفہ اور من پسند فیصلہ جاری کیا گیا۔تحریری فیصلے کے مطابق سماعت کے دوران خود شکایت کنندہ نے تسلیم کیا کہ شکایت جنسی ہراسانی سے متعلق نہیں ہے۔ مزید یہ کہ معظم سپرا نے 2020 میں شکایت کنندہ فریحہ ارم وڑائچ کو کرپشن کے الزامات پر ملازمت سے برخاست کیا تھا جس کے بعد یہ شکایت سامنے آئی۔گورنر پنجاب کے مطابق صوبائی محتسب نے اصل حقائق کو نظر انداز کرتے ہوئے گواہوں کی بجائے بے نام بیانات پر انحصار کیا اور ایک غیر شفاف اور بدنیتی پر مبنی فیصلہ صادر کیا۔